تبدیلی قانونِ فطرت ہے اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ناگزیر ہے۔اسی بات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کشمیر عظمیٰ اپنے ادارتی صفحات میں جدت لاکر ان کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے ۔اس سلسلے میں یکم جون سے کشمیر عظمیٰ کا ایک ادارتی صفحہ ہفتہ کے ساتوں دن ایک مخصوص موضوع کیلئے مختص رکھاجائے گا۔مخصوص شعبوں پر دسترس رکھنے والے قلمکار حضرات سے التماس ہے کہ وہ درج ذیل عنوانات کے تحت اپنی تحاریر ارسال کریں۔
سوموار: طب ،تحقیق و سائینس
اس موضوع کے تحت قلمکار حضرات شعبہ صحت و طبی تعلیم پر خامہ فرسائی کرنے کے علاوہ تازہ ترین سائینسی تحقیق اور تیکنالوجی کے معاملات پر تحاریر ارسال کرسکتے ہیں۔
منگلوار: تعلیم و ثقافت
اس وسیع ترین موضوع کے تحت شعبہ تعلیم کے علاوہ ثقافت اور میراث پر تجزیاتی تحاریر ارسال کی جاسکتی ہیں۔
بدھوار: معاشرت وتجارت
یہاں سماجی اور معاشرتی مسائل پر مدلل اور پُر مغض گفتگو ہوسکتی ہے جبکہ صنعت و تجارت کے معاملات پر بھی بات ہوسکتی ہے۔
جمعرات: گوشہ خواتین
یہ صفحہ خواتین کیلئے مخصوص ہے اور اس میں خواتین کے معاملات پر تحاریر لکھی جاسکتی ہیں۔
جمعہ: دینیات
جمعہ کے پیش نظر اس روز صرف دینی مسائل کے حوالے سے ہی صرف مذہبی سکالروںکے مضامین شائع ہونگے جبکہ سوال وجوابات کا بھی سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
سنیچر وار: گوشہ اطفال
چونکہ بچے ہمارا مستقبل ہیں،لہٰذا ان کیلئے بھی ایک صفحہ مخصوص رکھا گیا ہے جس میں بچوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔اس ضمن میں بچوں کی تحریروں اور ان کے ہاتھوں بنائے گئے فن پاروں کو شامل اشاعت کیاجائے گا جبکہ بچوں کے معاملات پر لکھے جانے والے مضامین کوبھی جگہ دی جائے گی۔
اتوار : ادب نامہ
ہفت روزہ کی صورت میں منصہ شہود پر آنے سے اب تک کشمیر عظمیٰ میں بلاناغہ ادبی سرگرمیوں کو اجاگر کیاجارہا ہے جس کیلئے ادب نامہ کی صورت میں دو صفحات کی صورت میں ہر اتوار کو ایک خصوصی گوشہ شائع ہوتا ہے جس کے ذریعے مقامی ادیبوں اور قلمکاروں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔یہ سلسلہ بھی اللہ کے فضل و کرم سے آگے بھی اسی طرح جاری رہے گااور ہر اتوار یہ دونوں صفحات ادب نامہ کی صورت میں ادبی شعبہ میں طبع آزمائی کرنے کے خواہشمند مقامی قلمکاروں کیلئے وقف رہیں گے۔
تاثرات
ہفتہ میں ایک دفعہ ادارتی صفحہ پر اس عنوان سے ایک گوشہ مقرر رکھاجائے گا،جس میں ہمارے اخبار کے معزز قارئین کرام خبروں اورمضامین کے حوالے سے اپنی رائے ظاہر کرسکتے ہیں تاکہ ہمیں آپ کے محبوب اخبار کو خوب سے خوب تر بنانے کا موقعہ فراہم ہوسکے۔
کچھ دور تونالے جائیں گے
اس عنوان کے تحت ہم ماضی میں ہفتہ میں ایک دفعہ ایک خصوصی گوشہ شائع کرتے تھے جس میں عوامی مسائل پر بات ہوتی تھی اور عوامی مسائل پر لوگوں کے بھیجے گئے مراسلوں کو اس میں شائع کیاجاتا تھا۔چند ناگزیر وجوہات کی بناء پر اس گوشہ کی اشاعت کا تسلسل برقرار نہ رہ سکا تاہم اب اس کا احیاء کیاجارہا ہے اور ہر ہفتہ ادارتی صفحہ پر ہی ایک دن اس مخصوص گوشہ میں عوامی مسائل کے حوالے سے قارئین کرام کی جانب سے دستی طور یا بذریعہ ای میل بھیجے گئے خطوط کو شامل کیاجائے گا۔ ادارہ