جموں//صدر ہند رام ناتھ کوند نے ریاست جموں وکشمیر کے گورنر این این ووہرا کی طرف سے ریاست کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کی ہے۔اس سلسلے میں راشٹرپتی بھون کی طرف سے راج بھون کو ملے ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے 18 اپریل 2018ء کو شری ماتا ویشنودیوی یونیورسٹی کے کنویکشن سے خطاب کرنے اور اس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے کی گورنر این این ووہرا کی درخواست کو قبول کر لیا ۔گورنر نے ایک ماہ پہلے صدر ہندکے ساتھ بات کی تھی اور ان سے یونیورسٹی کے اگلے کنووکیشن سے خطاب کرنے کی درخواست کی تھی ۔واضح رہے کہ یہ یونیورسٹی شری ماتا ویشنو دیو ی شرائین بورڈ نے 1999 میں قائم کی تھی اور ا س سے آئی آئی ٹی کے تدریسی اور رہائشی طرزپر وجود میں لایا گیا اور 2004ء میں اُس وقت کے صدر جمہوریہ ڈاکٹراے پی جے عبدالکلام نے اس کا افتتاح کیا تھا ۔اس سے قبل یونیورسٹیوں کے کنووکیشنوں سے سابق وزیر وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، سابق صدر جمہوریہ پرتیبھا دیوی سنگھ پاٹل ، چیئرمین انفوسس ڈاکٹر نارائن مورتی ،سابق نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری نے خطاب کیا تھا۔ جبکہ سال 2016ء میں یونیورسٹی کے کنووکیشن سے وزیر اعظم نریندر مودی نے خطاب کیا۔ یونیورسٹی میں اس وقت مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 1675 طلاب زیر تعلیم ہیں اور اس یونیورسٹی میں انجینئرنگ ، سائنس ، منیجمنٹ ، آرکیٹکچر ، ہومنٹیز اور فلاسفی میں انڈر گریجویٹ ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی سطحوں کے کورس کرائے جاتے ہیں ۔سال 2016اور 2017 ء میں اس یونیورسٹی نے ملک کی 150اعلیٰ یونیوسٹیوں میں اپنا مقام بنا لیا۔