جموں //صحت و طبی تعلیم کے وزیر دویندر کمار منیال نے متعلقین کی طرف سے مجموعی کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ صحت شعبے میں درپیش چیلنجوں کا مؤثر ڈھنگ سے مقابلہ کیا جاسکے ۔وزیر موصوف نے اِن باتوں کا اِظہار آج جی ایم سی جموں میں محکمہ صحت کے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران کیا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت صحت شعبے کو ترجیحات میں شامل کر رہی ہے اور لوگوں کو بہتر طبی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے کئی سکیمیں اور پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔سپیشل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال ،پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر سنندا رینہ اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ کے دوران وزیر موصوف نے کہا کہ مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات بہم کی جانی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی وارڈوں میںکم سے کم ایک سینئر کنسلٹنٹ 24ویں گھنٹے دستیا ب ہونا چاہیئے ۔ منیال نے متعلقہ محکمہ پر زور دیا کہ وہ اِنسانی روّیہ اختیار کر کے لوگوں کی توقعات پر پورا اُتریں ۔اُنہوں نے ہسپتالوں میں معقول مقدار میںادویات اور دیگر سازو سامان دستیا ب رکھنے کی بھی ہدایت دی۔اس موقعہ پر ہسپتال میں جاری مختلف کاموں کے حوالے سے ویڈیو پریذنٹیشن بھی دی گئی۔