عظمیٰ نیوزسروس
جموں //جموں و کشمیر پولیس نے ضلع ریاسی میں شیو کھوڑی یاترا کے لیے سکیورٹی انتظامات کا جامع جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ سخت حفاظتی اقدامات کے ساتھ یاتریوں کے لیے دوستانہ ماحول بھی برقرار رکھا جائے ۔ شیو کمار شرما (ڈی آئی جی، ادھم پورـریاسی رینج) نے ہفتہ کے روز پولیس، اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) اور سی آر پی ایف کے دستوں کی تیاری کا معائنہ کیا، جو رنسو، شیو کھوڑی اور پونی سمیت اہم مقامات پر تعینات ہیں، تاکہ یاترا کو محفوظ اور ہموار طریقے سے مکمل کیا جا سکے ۔ سرکاری ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی نے یاترا کے لیے کیے گئے مجموعی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور مختلف اہم مقامات پر تعیناتی کا معائنہ کرتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کو پرکھا۔ انہوں نے شیو کھوری میں یاتریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے تجربے اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ایکس رے بیگیج اسکیننگ پوائنٹس، سی سی ٹی وی کنٹرول روم، بازار علاقہ، بس اسٹینڈ، یاترا پرچی کاؤنٹر، کانڈا موڑ اور جندی موڑ جیسے حساس مقامات کا خود معائنہ کیا۔ ڈی آئی جی شرما نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دی کہ وہ مستعد رہیں، مختلف ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل برقرار رکھیں اور ہر وقت چوکس رہیں۔ انہوں نے نگرانی کے نظام کے مؤثر استعمال، مناسب چیکنگ کے طریقہ کار اور ہجوم کے بہتر انتظام پر بھی زور دیا تاکہ تمام یاتریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے ۔ افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ فعال اقدامات جاری رکھیں اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں تاکہ یاترا پرامن اور بغیر کسی حادثے کے مکمل ہو سکے ۔ یواین آئی۔