سرنکوٹ// شیندرہ میں نیشنل کانفرنس کا ایک اجلاس منعقد ہواجس میں سابق ریاستی وزیر اورسینئر نائب صدر نیشنل کانفرنس سید مشتاق احمد بخاری بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پرمقامی لوگوںنے بتایاکہ ان کے گائوں میںپانی اور بجلی کا نظام بہت ہی خراب ہے اورتعلیمی سہولیات بھی نہیں۔ انہوںنے کہاکہ مڈل اسکول شیندرہ کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ سکول پچھلے تیس سال سے مڈل اسکول ہی ہے۔اپنے خطاب میں بخاری نے کہاکہ وہ مسائل کے حل کیلئے حکام سے رجوع کریںگے ۔انہوںنے مخلوط حکومت کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جب سے اس حکومت کا ریاست میں وجود قائم ہوا ہے تب سے لیکر ابھی تک حالات خراب ہیں اور لوگ گونا گوں مسائل کا شکار ہیں۔ان کاکہناتھاکہ اس حکومت کی عوام کش پالیسیاں عوام کیلئے درد سر بنی ہوئی ہیں اورعوامی مسائل حل کرنے کے بجائے سرکارکبھی دفعہ 35A کی منسوخی کی سیاست کرتی ہے اور کبھی 370 کی بات کرتی ہے۔ بخاری نے کہا کہ دفعہ 35A کو محفوظ کرنا بہت ضروری ہے اوراگر اس کو محفوظ نہ رکھا گیا تو جموں کشمیر کا الحاق کو کھلاہوکر رہ جائے گاجس سے جموں والوں کی تجارت پر اثر پڑے گااور زمینیں بھی ہاتھ سے چلی جائیںگی۔انہوںنے نوجوانوں پر زور دیاکہ وہ نیشنل کانفرنس کو مضبوط بنائیں۔ان کاکہناتھاکہ یہ جماعت جموں کشمیر کے ہندو ،مسلم ،سکھ ،عیسائی کی جماعت ہے اوراس میں رنگ ونسل کی بات نہیں۔انہوںنے کہاکہ سبھی کارکنان بلاک اور پنچایت سطح پر جاکر لوگوں کے مسائل سنیں اور پارٹی کو مضبوط بنائیں ۔اجلاس میںڈاکٹر تصرف شاہ،طاہر مرزا،سکندر نورانی،شیراز ملک،سفیر چوہدری،طاہر کاظمی وغیرہ بھی موجود تھے۔