شیندرہ لوہر میں سڑک خستہ حال | مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا

حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی پنچایت شیندرہ لور میں سڑک خستہ حالی سے علاقہ کی کثیر آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑک سے گزرناکافی مشکل ہے کیونکہ یہاں پانی اور کیچڑ ہمیشہ جمع رہتا ہے۔بارشوں کے دوران سڑک کسی نالے کی شکل اختیار کر جاتی ہے جس کی وجہ سے وہاں کے شہریوں کے گھروں میں پانی داخل ہو جاتا ہے۔علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں قبل اس سڑک کی تعمیر کی گئی تھی لیکن اس سڑک کو اتنا وقت بیت جانے کے بعد بھی پختہ نہیں کیا گیا۔ ان برسوں کے دوران نہ ہی سڑک کی مرمت کی گئی نہ ہی میگڈم بچھایا گیا۔ایک بیوہ خاتون کا کہنا ہے کہ مذکورہ روڈ کی خستہ حالی کے سبب لوگوں کو سڑک سے گزرنامیں کافی دشواری ہوتی ہے۔انہوں نے بتایاسڑک پر بڑے بڑے گڑھے بن گئے ہیں۔بارش کے دوران مذکورہ سڑک پر چلنا پھرنا مشکل ہو جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے دوران اس کے گھر میں پانی داخل ہو جاتا ہے کیونکہ سڑک کے ساتھ نہ دو نالیا بنائی گئی ہے نہ ہی ڈنگے تعمیر کے گئے۔انہوں نے بتایا کہ کئی مقامات پر جو پھلیاں بنائی گئی ہیں ان کا پانی بھی ٹھوکروں میں داخل ہوتا ہے۔ایک اور مقامی بزرگ نے کہا مذکورہ سڑک پر چلنے کے دوران گاڑیاں بھی خراب ہوجاتی ہیں۔اس موقعہ پر سرپنچ حلقہ پنچایت شیندرہ لوہر وجاہت بخاری بھی موجود تھے جنہوں نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں سڑکوں کا کام شد و مد سے جاری ہے تاہم مذکورہ سڑک کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے سڑک کی تجدید و مرمت اور اسے میگڈامائز کرنے کا مطالبہ کیا۔