شوپیان // ترکہ وانگام شوپیان میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔اسکے بعد علاقے کو محاصرہ میں لیا گیا جبکہ پنجورہ نامی بستی میں تلاشیاں لی گئیں۔44آر آر کی کیسپر گاڑی 11بجکر 45منٹ پر ترکہ وانگام اور سوگن کے درمیان باغاتی علاقے کے درمیان معمول کے گشت پر تھی، جس کے دوران سڑک کے کنارے نصب کی گئی بارودی سرنگ زوردار دھماکے سے پھٹ گئی تاہم فوجی گاڑی کو کوئی نقصان نہیں ہوا اور نہ کوئی زخمی ہوا۔اس کے فوراً بعد اس علاقے کو محاصرے میں لیا گیا اور ترکہ وانگام شوپیان زینہ پورہ روڑ کو شام تک بند رکھا گیا حتیٰ کہ ایمبولنسز کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔علاقے میں شام تک تلاشی کارروائی جاری تھی۔پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس کو پہلے ہی ترکہ وانگام میں بارودی سرنگ نصب کرنے علمیت تھی، جسے ناکارہ بنانے کی کوشش جب کی جارہی تھی تو جنگجوئوں نے دھماکہ کرایا اور فرار ہوئے۔البتہ دھماکے سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ادھر سہ پہر کو 55آر آر اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے زرگر محلہ پنجورہ کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشیاں لینی شروع کیں۔یہاں کچھ نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور ہلکا پتھرائو کیا اس موقعہ پر فورسز نے آنسو گیس کے کچھ گولے داغے جس کے باعث مظاہرین منتشر ہوئے۔بعد میں شام ہوتے ہیں تلاشی کارروائی ختم کی گئی۔