رمیش کیسر
نوشہرہ//شمالی کمان کے آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے بدھ کے روز ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر کے جھنگڑعلاقے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ سیکورٹی صورتحال اور فوجی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق آرمی کمانڈر نے جھنگڑ بٹالین کی فارورڈ پوسٹس پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور حالیہ کامیاب انسداد دراندازی کارروائی ’آپریشن بلیاں‘ کے بعد ان کے حوصلے بلند کیے۔ انہیں علاقے میں جاری سیکورٹی انتظامات، دراندازی کی کوششوں اور ان کے خلاف کیے گئے بروقت اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
فوجی حکام نے بتایا کہ حال ہی میں بھاری اسلحہ سے لیس دہشت گردوں کے ایک گروپ نے ایل او سی کے ذریعے دراندازی کی کوشش کی، جسے جھنگڑ بٹالین کے مستعد جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد، جس کا تعلق لانچ پیڈ ماڈیول سے بتایا جا رہا ہے، ہلاک کر دیا گیا، جبکہ ایک اور زخمی حالت میں واپس سرحد پار فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور عزم کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششیں خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرحدوں کی حفاظت کے لیے مسلسل چوکس رہنا ناگزیر ہے اور دشمن کی ہر سرگرمی پر کڑی نظر رکھی جائے۔دورے کے دوران آرمی کمانڈر نے مجموعی سکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور جوانوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے فوج کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ یہ دورہ جوانوں کے حوصلے بلند کرنے اور سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔