جاوید اقبال
مینڈھر// شدید بارشوں اور بھاری برفباری کے بعد مینڈھر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی رفتہ رفتہ بحالی کی جانب گامزن ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز مسلسل برفباری کے باعث جموں۔پونچھ شاہراہ بھمبر گلی کے مقام پر مکمل طور پر بند ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں سینکڑوں مسافر اور گاڑیاں راستے میں پھنس کر رہ گئے تھے۔ خراب موسمی حالات کے باعث مسافروں کو رات قریبی دیہات اور مقامی لوگوں کے گھروں میں گزارنی پڑی، جہاں عوام نے انسانی ہمدردی کے تحت انہیں پناہ اور دیگر سہولیات فراہم کیں۔برفباری کے فوراً بعد محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی)، بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بی آر او) اور ضلع انتظامیہ نے مشترکہ طور پر سڑکوں کی بحالی کا عمل شروع کیا۔ بھمبر گلی کے مقام پر بھاری مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کا کام انجام دیا گیا، جس کے بعد کل اس اہم قومی شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔
شاہراہ کی جزوی بحالی سے جموں اور پونچھ کے درمیان پھنسے ہوئے مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کو بڑی راحت ملی ہے۔اسی طرح جموں۔مینڈھر سڑک پر بھی ٹریفک کی آمد و رفت دوبارہ شروع ہو گئی ہے، جس کے باعث مینڈھر بازار اور دیگر تجارتی مراکز میں دوبارہ رونق لوٹ آئی ہے۔ دفتری امور اور روزمرہ سرگرمیاں بھی بتدریج معمول پر آ رہی ہیں، جس سے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ضلع انتظامیہ کے مطابق دیگر رابطہ سڑکوں پر بھی برف ہٹانے اور صفائی کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے تاکہ دور دراز اور بالائی علاقوں کو مرکزی شاہراہوں سے دوبارہ جوڑا جا سکے۔ حکام نے بتایا کہ موسم کی صورتحال میں بہتری کے بعد بحالی کے کام میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے دوران احتیاط برتیں اور سرکاری ہدایات و ٹریفک ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں۔ حکام کے مطابق بعض مقامات پر سڑکیں اب بھی پھسلن کا شکار ہیں، جس کے باعث حادثات کا خدشہ موجود ہے۔ عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور حالات معمول پر آنے تک صبر و تحمل سے کام لینے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔