محمد تسکین
بانہال// ہفتے اور اتوار کی رات ہونے والی شدید بارش کے باعث جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر ناشری اور جکھینی ادہم پور کے درمیان کئی مقامات پر مٹی کے تودے گرنے اور پہاڑی سے پتھر آنے کے واقعات پیش آئے، جس سے ناشری-چنینی سیکٹر میں ٹریفک کی آمدورفت کچھ عرصہ کیلئے متاثر رہی۔ ٹریفک حکام کے مطابق ضلع ادھم پور کے جکھینی اور چنینی کے درمیان اپ ٹیوب ( اوپر والی سڑک ) میں متعدد مقامات پر مٹی کے تودے اور پہاڑی سے پتھر گرنے کے واقعات رونما ہوئے تاہم نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبہ ہٹا دیا، جس کے بعد ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا ۔تاہم ضلع ادھمپور ہی کے دیول کے قریب حال ہی میں بحال کی گئی ڈاؤن ٹیوب یا نچلی سڑک شدید بارش کے باعث دوبارہ متاثر ہو گئی جس کے بعد حکام نے احتیاطی طور پر جموں اور سرینگر، دونوں سمتوں کی ٹریفک کو اپ ٹیوب کے ذریعے چلانا شروع کر دیا۔ادھر ضلع رام بن کے ناشری چوک کے قریب مسلسل موسلادھار بارش کے نتیجے میں ایک بڑا مٹی کا تودہ اپ ٹیوب پر آ گرا، جس سے شاہراہ کا ایک حصہ بند ہو گیا ہے ۔ صورتحال کے پیش نظر ٹریفک کو عارضی طور پر ڈاؤن ٹیوب کی طرف موڑ دیا گیا تاکہ ملبہ ہٹانے کا کام بلا رکاوٹ جاری رکھا جا سکے۔حکام نے بتایا کہ این ایچ اے آئی نے ملبہ صاف کرنے اور شاہراہ کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے مشینری اور عملہ تعینات کر دیا ہے۔ انہوں نے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ احتیاط سے سفر کریں، ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں اور مسلسل بارش کے باعث مزید لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے خدشات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔