اشتیاق ملک
ڈوڈہ//ضلع ڈوڈہ میں اتوار کی صبح سے شروع ہونے والی موسلا دھار بارش وقفے وقفے سے پورے دن جاری رہی، جس کے باعث ضلع کے مختلف علاقوں میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔مسلسل بارش کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، کئی رابطہ سڑکیں زیرِ آب آگئیں اور آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ اطلاعات کے مطابق ضلع کے متعدد دیہی علاقوں میں بارش کے باعث زرعی شعبے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔کھڑی فصلیں اور زرعی اراضی متاثر ہوئی جبکہ کئی مقامات پر آبپاشی کا نظام بھی متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔دوسری جانب شدید بارش کے باعث پانی اور بجلی کی فراہمی بھی متاثر رہی، جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں نے ایک مرتبہ پھر گزشتہ دنوں ہونے والی شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے واقعات کی تلخ یادیں تازہ کر دی ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ بارشوں اور بادل پھٹنے کے واقعات سے ضلع ڈوڈہ کے مختلف علاقوں میں رہائشی مکانات، دکانیں، سڑکیں، پل، سرکاری و نجی تعمیرات اور زرعی شعبے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا تھا، جس کے اثرات سے متاثرہ خاندان ابھی تک پوری طرح باہر نہیں نکل سکے ہیں۔عوام نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ حساس علاقوں پر مسلسل نظر رکھی جائے، ندی نالوں کے کنارے رہنے والے افراد کو بروقت الرٹ جاری کیے جائیں اور متاثرہ علاقوں میں بجلی، پانی اور سڑکوں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔محکمہ موسمیات نے بھی آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش کے امکان کے پیش نظر عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، ندی نالوں کے قریب نہ جانے اور انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے.