سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر وں راجیو رائے بھٹناگر ، فاروق خان، بصیر خان ،پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ،اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری،جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی اے میر،پیپلز کانفرنس چیئرمین سجاد غنی لون، پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم یاسین ، حقانی میموریل ٹرسٹ ،پی ڈی پی کے یوتھ لیڈر عارف لائیگرونے شب قدر کے مقدس موقع پر جموں و کشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر ، راجیو رائے بھٹناگر ، فاروق خان اور بصیر خان نے شب قدر کے مبارک موقع پر جموں و کشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بابرکت رات ہمارے لئے ایک موقع ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو خود سے ہمکنار کرسکیں اور اللہ کی مغفرت ، سخاوت اور رہنمائی حاصل کریں۔مشیروں نے امید ظاہر کی کہ اس اچھے موقع سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے بندھن کو تقویت ملے گی اور پورے جموں و کشمیر کے امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک مغفرت ، شفقت اور اللہ کی رحمت کا مہینہ ہے ۔ شب قدر انسانیت کیلئے اللہ کی بہترین نعمتوں کے ساتھ آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ رات مغفرت اور برکت کیلئے بہترین وقت ہے۔محبوبہ مفتی نے لوگوں سے صحت ، امن اور خوشحالی کیلئے دعا کرنے کی اپیل کی ۔اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ شب ِ قدر ہزار راتوں سے افضل ہے اور اِس کی دین اِسلام میں خاص اہمیت ومقام ہے ۔ انہوں نے کہا’’ یہ رات انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس نے پوری دنیا کی تاریخ بدل ڈالی اور اِس روز امن، سلامتی، بھائی چارہ، پیارومحبت کا پیغام دینے والی کتاب قرآن مقدس کی صورت میں انسانیت کے لئے ایک بہترین تحفہ ہمیں ملا‘‘۔ انہوں نے لوگوں سے گذارش کی ہے کہ وہ اِس مقدس رات کو اِس عالمگیر وباء سے نجات کیلئے خصوصی دعا کریں۔جے کے پی سی سی کے صدر جی اے میر نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شب قدر ایک بہت ہی اہم اور مقدس رات ہے ۔انہوںنے کہا کہ شب قدر اللہ تعالیٰ کا ایک عظیم تحفہ ہے ، جس میں امت مسلمہ اپنے گناہوں سے مغفرت طلب کرتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ شب قدر انسانیت کیلئے خوشحالی کے آغازکا باعث بنے گی۔پیپلز کانفرنس چیئرمین سجاد غنی لون نے شب قدر پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اس مقدس رات کو دنیا بھر میں موجودہ پریشانی سے دوچار لوگوں کیلئے امن ، خوشحالی اور دیرپا سکون مل سکے۔اپنے پیغام میں لون نے کہا کہ یہ مقدس رات اللہ سے معافی مانگنے اور انسانیت کی تندرستی کے لئے دعا کرنے کے لئے پورے سال کا بہترین وقت ہے۔ انہوں نے لوگوں کو اس اچھے موقع کے حقیقی معنی اور مقصد کو سمجھنے کی بھی تاکید کی جس میں پوری انسانیت کے لئے اللہ کی رحمت کا حصول اور اس وقت ان تمام پریشانیوں اور بحرانوں کو دور کرنے میں اللہ کی مدد طلب کرنے کا ایک انوکھا موقع حاصل ہے ۔ پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم یاسین نے امت مسلمہ کو شب قدر کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ یہ مقدس رات اقوام عالم خاصکر جموں وکشمیر میں امن اور خوشحالی کی نوید بن کرآئے۔انہوںنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس رات کو عبادات ، درودوازکار اور توبہ و استغفار کی مجالس منعقد کر کے اپنے رب کی رضا اور خوشنودی حاصل کریں اور اپنے رب کو منا کر اپنے دینی و دنیاوی امورات میں کامیابی حاصل کریں۔ حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس رات کی قدر و منزلت کے پیش نظر عبادات میں منہمک رہنے اور موجودہ مہلک مرض سے نجات کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ متبرک اور فضیلت سے لبریز شب عالم اسلام کی سربلندی ، عالم انسانیت کی خوشحالی اور ریاست میں مکمل امن وامان کا باعث بنے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس مقدس رات میں اللہ سے مغفرت اور سلامتی کیلئے دعا کریں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر جی ایم شاہین نے شب قدر کے مقدس موقع پر جموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے لوگوں سے موجودہ وباکے خاتمے کے لئے خصوصی دعائوں کی اپیل کی۔