ریاض //سعودی عرب کے حکمران شاہ سلمان بن عبد العزیز کے ہسپتال میں داخل ہونے کے 3روز بعد ان کے پتّے کی سرجری کامیاب ہوگئی۔ فرانسیسی خبررساں ادارے ’اے ایف پی ‘کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے عمر رسیدہ بادشاہ کی صحت کے بارے میں اطلاع کم ہی دی جاتی ہے، جو 2015سے تیل کے سب سے بڑے برآمد کنندہ اور عرب دنیا کی سب سے بڑی معیشت پر حکمرانی کررہے ہیں۔اس حوالے سے سعودی رائل کورٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ریاض میں واقع کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال میں پِتّہ نکالنے کے لیے شاہ سلمان کی لیپرواسکوپک سرجری ہوئی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی فرماں روا 'کامیاب' سرجری کے بعد کچھ وقت کے لیے ہسپتال میں رہیں گے۔دوسری جانب سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران شاہ سلمان کی ’صحت کی یقین دہانی‘ کروائی گئی تھی۔