الریاض// مملکت سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو طبی معائنہ کیلئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 84 سالہ شاہ سلمان کو مثانہ میں سوجن کے سبب اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔شاہی محل سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ سلمان کو طبی معائنہ کیلئے کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم فرمانروا کا معائنہ کر رہی ہے ۔واضح رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز 31 دسمبر 1935کو پیدا ہوئے ، وہ 2015 میں سعودی عرب کے بادشاہ بنے تھے ، اس سے قبل وہ48 سال تک ریاض کے ڈپٹی گورنر اور گورنر بھی رہے ۔شاہ سلمان سعودی عرب کے وزیردفاع بھی رہ چکے ہیں ، انہیں 2012 میں سعودی عرب کے بادشاہ کے طور پر نامزد کیا گیا تھا اور2015 میں ان کے بھائی عبداللہ کی موت کے بعد انہیں بادشاہت ملی۔(یواین آئی)