راجوری//ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی راجوری سے روانگی کے وقت جذباتی مناظر دیکھے گئے ۔ پیر کو ان کے اعزاز میں ڈاک بنگلہ کے کانفرنس ہال میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد ، ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس ، ایڈیشنل ڈی ڈی سی اے ایس چب ،اے ڈی سی شیر سنگھ ، اے ڈی سی شفیق چوہدری و دیگر افسران و معززین بھی موجو دتھے ۔اس دوران مقررین نے شاہد اقبال چوہدری کے چودہ سالہ مدت بطور ڈپٹی کمشنر راجوری کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے پچھلے بیس برسوں میں ضلع میں ایسی ترقی کبھی نہیں دیکھی جیسے ترقی پچھلے چودہ ماہ میں شاہد اقبال کی قیادت میں ہوئی ۔ اس دوران بولتے ہوئے کالاکوٹ کے ایک شہری نے کہاکہ شاہد اقبال کا نام تاریخ کے سنہری حروف میں لکھاجائے گااور ان کے کام کی وجہ سے لوگ ہمیشہ یاد رکھیںگے۔ تقریب کے دوران جذباتی مناظر دیکھے گئے اور کئی لوگوں کی آنکھوں سے آنسو ٹپک پڑے جبکہ بعد میں بازار میں بھی لوگوں کو افسردگی حالت میں دیکھاگیا۔اس دوران مقررین نے موصوف کے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ تبادلے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ انہیں مزید کچھ وقت یہیں کام کرنے کا موقعہ دیاجاناچاہئے تھا۔اپنے خطاب میں شاہد اقبال چوہدری نے کہاکہ راجوری کے لوگوں کا مثبت رویہ ترقی کی وجہ رہا۔ان کاکہناتھاکہ سماج کے ہر ایک طبقہ کے لوگوں نے انہیں تعاون دیا جس کی وجہ سے ترقیاتی کئے جاسکے ۔راجوری کے کچھ لوگوں نے سیاستدانوں کو مشورہ دیاکہ وہ شاہد اقبال سے سبق سیکھیں کہ کس طرح سے عوامی مفاد کے کام کئے جاسکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ لڑکیوں اور لڑکوں کیلئے لائبریریوں کا قیام، پریس کلب ، ایکوٹورازم پارک ، سرکولر سڑکیں اور کئی بڑے پروجیکٹ ان کے دور میں شروع ہوئے اور ہر ایک علاقے میں ترقیاتی کام شروع کئے گئے ۔ان کے اعزاز میں چنگس ، نوشہرہ ، سیوٹ اور سندر بنی میں اعزازیہ تقاریب منعقد ہوئیں جہاں لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا ۔
ڈاکٹر شاہد کے شروع کردہ پروجیکٹوں کو جاری رکھونگا:اعجاز اسد
سمت بھارگو
راجوری //نو تعینات شدہ ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجازاسد نے کہاہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ راجوری میں ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی طرف سے شروع کردہ تمام پروجیکٹوں کو جاری رکھتے ہوئے مقرر ہ مدت میں مکمل کیاجائے ۔سیول سوسائٹی کی طرف سے منعقدہ ایک اعزازیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز اسد نے کہاکہ وہ ضلع راجوری کی عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور اپنی طرف سے بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی کی کوشش کی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ سابق ڈپٹی کمشنر کی طرف سے شروع کئے گئے کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے اور ترقیاتی سطح پر کام جاری رہے ۔