جموں //امر ناتھ یاتریوں کو ضروری معاونت مہیا کرنے کیلئے سی آر پی ایف نے جموں توی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 01 پر ایک ہیلپ ڈیسک ’’MADADGAAR‘‘(مدد گار) قائم کی ہے۔سی آر پی ایف کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق جموں ائیر پورٹ میں بھی اسی قسم کی ہیلپ ڈیسک قائم کی گئی ہے۔ان ہیلپ ڈیسکوں کا مقصد ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے یاتریوں کو ریولے اسٹیشن اور ائیر پورٹ پر پہنچ کر تمام مطلوبہ گائیڈنس فراہم کرنا ہے۔یاترا کے سلسلہ میں تمام قسم کے انتظامات جیسے کہ ٹھہرنے، طبی خدمات، ریڈیو فریکونسی شناختی ٹیگ (RFID) وغیرہ کی جانکاری یاتریوں کو فراہم کی جائے گی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بطور ایک خصوصی سیکورٹی قدم کے RFID ٹیگ یاتریوں کی گاڑیوں کو لگائے جا رہے ہیں،تاکہ یاتریوںکی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔جس کے لئے سی آر پی ایف نے متعدد مقامات یعنی کہ لکھن پور ،سول ائیر پپورٹ جموں، جموں توی ریلوے اسٹیشن ،جموں بس اسٹینڈ، یاتی بیس کیمپ بھگوتی نگر جموں، بن ٹول پلازہ، رون دیہات اودھمپور اور ناشری ٹنل پرRFID ٹیگنگ مراکز قائم کئے ہیں۔سی آر پی ایف نے یاتریوں سے تعاون کرنے کی توقع کی اوران سے اپیل کرتے ہوئے انہیں سلامتی کیلئے مطلوبہ گائیڈنس فراہم کی گئی۔سی آر پی ایف کی جانب سے یاتریوں میں پمفلٹس بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایک طرف تو سی آر پی ایف دہشت پسندی اور نکسلزم سے لڑ رہی ہے،وہیں اسکی عوام کے تئیں خدمات کی ستائش کی جا رہی ہے۔