پونچھ//ضلع پونچھ کی حلقہ پنچایت سیڑھی چوہانہ کی عوام کو سڑک رابطہ سے جو ڑنے کے لئے 1996میںروڈکی تعمیر کاکام شروع کیاگیاتھا لیکن بیس سال سے بھی زائد عرصہ گزر جانے کے بعد بھی اس سڑک کی تعمیر مکمل نہیں کی گئی ۔گائوں میںدیگر بنیادی سہولیات کا بھی فقدان ہے ۔مقامی شخص پرویز احمد آفریدی نے بتایاکہ اس ترقی یافتہ دور میں بھی ان لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنچایت میں ایک ہائی اسکول قائم ہے جس کی اپ گریڈیشن کے لئے انہوں نے کئی بار اعلیٰ حکام سے اپیل کی مگر کسی نے کوئی اقدام نہیں کیا،سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ اسکول کو اپ گریڈ کر کے اسے ہائر سکنڈری کا درجہ دیں گے ،اس سے قبل کی حکومتوں نے بھی اسی طرح کے وعدے کئے لیکن ابھی تک اس کا درجہ نہیں بڑھایا گیاجس کے نتیجہ میںدسویں جماعت پاس کرنے کے بعد طلباء کو پڑھائی کیلئے میلو ں دورجاناپڑتاہے اوراسی وجہ سے کئی طالبات تعلیم چھوڑ دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گائوں میں ڈسپنسری اور اینمل ہسبنڈری بھی قائم ہے لیکن وہ صرف کاغذات کی حد تک اورزمینی سطح پر اس کا مقامی لوگوں کو کوئی فائدہ نہیںہوا ۔انہوں نے کہا کہ سب سے اہم ضرورت سڑک ہے جو بیس برسوںسے زیر تعمیر ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ان کی پنچایت کو سیاسی استحصال کا شکار بنایاجارہاہے۔