جموں//سینئر سی پی آئی (ایم) لیڈراورایم ایل اے کولگام محمدیوسف تاریگامی نے وزیرخزانہ ڈاکٹرحسیب درابو کی جانب سے گذشتہ روزدہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں دیئے گئے اُس بیان جس میں انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر خصوصی طورپر سماجی نوعیت کا ہے کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاہے کہ بیان کوحقائق سے بعیدقراردیاہے ۔انہوں نے کہاکہ حقائق سے یہ بات عیاں ہے کہ ریاست کے ہندوستان کے ساتھ الحاق کے وقت سے ہی جموں وکشمیرکامسئلہ چلاآرہاہے ۔پچھلی کئی دہائیوں سے یہ نہ صرف ایک علاقائی تنازعہ رہاہے بلکہ ہندوستان کے سیکولر، جمہوری اوروفاقی اقدارکاامتحان ہے ۔ہند۔پاک کے درمیان محاذآرائی کے سبب ہوئی جنگجوں ،تشددکے ادوار اورعوامی احتجاجوں نے اس نازک مسئلے کی سیاسی نوعیت کوثابت کیاہے ۔ بے چینی کی اس صورتحال سے لوگوں میں پائی جارہی ناراضگی کی عکاسی ہورہی ہے ۔2014سے عوام اورمرکزکے مابین خلیج مزیدگہری ہوگئی ہے ۔یہ سنگین صورتحال کشمیرمعاملے کے تمام پہلوئوں کاجائزہ لینے اوراس دیرپامسئلے کوحل کرنے کیلئے درکارضروری سیاسی اقدامات اُٹھانے کاتقاضاکرتی ہے۔بے شک اس مسئلے سے سماجی، اقتصادی اورثقافتی پہلوپیداہوئے ہیں لیکن بنیادی طورپر یہ ایک سیاسی نوعیت کامسئلہ ہے جس کونظراندازنہیں کیاجاسکتاہے۔