راجوری //ریاستی وزیر تعلیم نے سرکاری سکولوں کا درجہ امکانات کی بنیاد پر بڑھایاجائے گا اور حکومت اس سلسلے میں مقامی ممبران اسمبلی کی سفارشات کے مطابق عمل کرے گی ۔کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے وزیر تعلیم چوہدری ذوالفقار علی نے کہاکہ ابھی تک ریاست میں کسی بھی سکول کادرجہ نہیں بڑھایاگیا۔انہوں نے کہاکہ وہ مقامی ممبران اسمبلی کی طرف سے موصول ہوئی سفارشات کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔وزیر نے بتایاکہ حکومت ہر ایک اسمبلی حلقہ میں دو ہائی سکولوں اور دو ہائرسکینڈری سکولوں کے امکانات کاجائزہ لے رہی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اگلے چند دنوںمیں سکول امکانات کی بنیاد پر اپ گریڈ کئے جائیںگے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اپ گریڈ کئے جارہے سکولوں کی فہرست سماجی روابط پر وائرل ہوگئی جس کے بعد خطہ پیر پنچال پٹھانہ تیر ، پلمہ ، ساتھرہ علاقوں کے لوگوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کردیئے اور انہوںنے الزام عائد کیاکہ مستحق علاقوں کو نظرانداز کرکے ایسے علاقوں میں سکولوں کادرجہ بڑھایاگیاہے جہاں ان کی اتنی زیادہ ضرورت نہیں تھی ۔مینڈھر کے سلواہ علاقے میں لوگوںنے سکول کا درجہ بڑھانے کا سن کر جشن منایا وہیں پٹھانہ تیر کے لوگ سراپا احتجاج ہیں۔
سکول کا درجہ بڑھانے کی مانگ
پٹھانہ تیر کے لوگوں کا تیسرے روز بھی احتجاج
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے پٹھانہ تیر و اسکے کے گردو نواح کے علاقوں کی عوام نے تیسرے دن بھی ہائی سکول کو ہائر سیکنڈری سکول کا درجہ دینے کے مطالبے پر احتجاج کیا ۔انہوںنے کہا کہ وہ سکول کا درجہ بڑھانے تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔مظاہرین کاکہناتھاکہ یہ علاقہ پہاڑی ہونے کے علاوہ چاروں طرف سے گھنے جنگلوں سے ڈھکا ہوا ہواہے جہاں کے طلباء کیلئے دور دراز علاقوں میں جاکر تعلیم حاصل کرنا مشکل کام ہے ۔ان کاکہناتھاکہ مقامی لیڈران ناخواندگی کی مہم کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور حکومت بھی ناانصافی کررہی ہے ۔مظاہرین نے کہاکہ ان کا مطالبہ جائز ہے اوراسے پورا ہونے تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ممبر اسمبلی مینڈھر حلقہ انتخاب مینڈھر کو ماذل بنانے کادعویٰ کر رہے ہیں اوردوسری طرف حلقہ کو ناخواندہ بنایاجارہاہے ،کیا ماڈل حلقہ ایسے ہی بنے گاجب سبھی ان پڑھ رہیںگے ۔دریں اثناء سماجی کارکن ایڈووکیٹ اخلاق احمد چوہان نے الزام عائد کیاہے کہ پٹھانہ تیر کے ساتھ سیاسی بنیاد پر سوتیلا سلوک کیاجارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ پٹھانہ تیرو کالابن کے لوگ متحد ہوکرگورنمنٹ ہائی سکول پٹھانہ تیرکادرجہ بڑھانے کی جدوجہد کریںاوراس سلسلے میں باضابطہ مہم چلائی جائے ۔