کٹھوعہ//قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے آج کٹھوعہ ضلع کے بلاور حلقہ میں بڈولی کے مقام پر ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا ۔ انہوں نے اس حلقہ کا چار روزہ دورہ بھی مکمل کیا ہے۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کیمپوں سے لوگوں کے ساتھ جڑنے اور ان کے مسائل کے بارے میں برسر موقعہ جانکاری حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔اس دوران کئی وفود نے سپیکر کے ساتھ ملاقات کی اور اپنی اپنی ترقیاتی ضروریات اور مسائل سے انہیں آگاہ کیا جن کا تعلق سڑکوں، بجلی، پانی، صحت اور دیگر شعبوں سے تھا۔ڈاکٹر سنگھ نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مزید لگن اور تندہی سے کام کر کے ترقیاتی سکیموں کو من عن عملائیں۔ انہوں نے بلاور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ16 جولائی کو بڈولی علاقہ میں ایک بڑا عوامی دربار منعقد کریں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران زمین کو کھسکنے سے روکنے کے لئے160 کریٹ نصب کئے گئے۔ علاوہ ازیںبڈولی پنچائت میں2 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام بھی مکمل کئے گئے۔ انہوں نے لوکھلی سے بڈولی تک سڑک پر تار کول بچھانے کے کام کا بھی افتتاح کیا۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا جانا چاہئے تا کہ کسانوں اور دیگر لوگوں کو سرکاری سکیموں کی افادیت سے روشناس کرایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس / ایس ٹی طبقوں کی بہبودی کے لئے جن دھن اور اجولہ یوجنا کو موثر ڈھنگ سے عملایا جانا چاہئے۔اس موقعہ پر مختلف محکموں کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔