سوپور//سوپورقصبے میں تمام زیرالتواء تعمیراتی منصوبوں پر کام عنقریب دوبارہ شروع کیا جائے گا۔اس بات کی یقین دہانی چیف انجینئر روڈس اینڈبلڈنگس نے سوپورمیونسپل کونسل کے ممبران کودی۔ سوپورمیونسپل کونسل کے نومنتخب ممبران نے مسرت کار کی سربراہی میں چیف انجینئرتعمیرات عامہ کشمیرکے ساتھ ملاقات کرکے انہیں سوپورمیں عرصہ درازسے زیرالتواء تعمیراتی کاموں کے علاوہ نئے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر معاملات کی جانکاری دی۔انہوں نے متعدداہم اور دیگرترقیاتی معاملوں جن میں قصبے کی مرکزی اور اندرونی سڑکوں کی توسیع اور مرمت ،مناسب اورمعقول نکاسی آب نظام وغیرہ مسائل کواُجاگرکیا۔انہوں نے مہاراج پورہ میں زیرتعمیرپل پر کام کوبحال کرنے کا مطالبہ بھی کیااورسوپورڈانگر پورہ اورقصبے کی صوفی محمداکبرروڑکی مرمت کرنے کی بھی مانگ کی۔وفد نے نئی کالونیوں شالیمار بستی،مومن آباداورماڈل ٹائون کی سڑکوں پرتارکول بچھانے کابھی مطالبہ کیا۔اس موقعہ پر ایگزیکیٹو انجینئر اوراسسٹنٹ انجینئر تعمیرات عامہ سوپور بھی موجودتھے۔کونسلروں کے مطالبات کوغور سے سننے کے بعدچیف انجینئر تعمیرات عامہ کشمیرنے انہیں یقین دلایاکہ ان کے تمام جائز مطالبات پر ترجیحی طورغور کیا جائے گا۔انہوں نے مزیدوفد کو یقین دلایا کہ قصبے میں تمام زیرالتواء تعمیراتی منصوبوں پرعنقریب دوبارہ کام شروع کیا جائے گا۔