جموں //محکمہ بجلی کے وزیر سنیل کمار شرما نے کابینہ سطح کے وزیر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد محکمہ بجلی کی پہلی تعارفی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کے دوران محکمہ بجلی سے متعلق منصوبہ بندی ، پروجیکٹوں ، مرکزی و ریاستی معاونت والی سکیموں کی تفصیلات کے بارے میں وزیر کو آگاہ کیا گیا۔محکمہ کے پاس دستیاب ڈیٹا کے مطابق ریاست کے 6382دیہات میں سے 6280 دیہات کو بجلی فراہم کی گئی ہے اور باقی ماندہ دیہات کو بجلی فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہے۔اس موقعہ پر وزیر نے محکمہ پر زور دیا کہ وہ جموں خطے میں موسم گرما کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائیں۔وزیر موصوف نے مزید ہدایت دی کہ محکمہ دو دِن کے اندر بجلی فراہم کرنے کی گنجائش ، ضرورت اور مانگ کے مطابق موجودہ تیاری کی تفصیلات پیش کریں۔میٹنگ میں ایک اہم فیصلے کے مطابق پہلے مرحلے میں جموں کے لئے ’’ کوئیک ری ایکشن ٹیم ‘‘ تشکیل دی جائے جو صارفین کو درپیش مشکلات اور مسائل کا فوری حل نکالنے کے اہل ہو۔اس کے علاوہ عام لوگوں کے لئے ایک خصوصی نمبر فراہم کیا جائے گاجس کے ذریعے لوگ اپنی اپنی شکایات وزیر موصوف تک پہنچا سکیں۔میٹنگ میں سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ہردیش کمار، ڈی سی پی اصغر علی ، سابق ڈائریکٹر پی جی سی ایل جے پی سنگھ ،متعلقہ چیف انجینئر اور سپر انٹنڈنگ انجینئر صاحبان موجود تھے۔