پونچھ//پونچھ میں آثار قدیمہ کا شاہکار مانا جانے والے قلعہ کے ارد گرد صفائی کا معقول انتظام نہ ہونے کی وجہ سے اس تاریخ سازقلعہ کے ارد گرد جھاڑیاں اُگ آئیں تھی جن کی وجہ سے قلعہ کو تو نقصان ہو ہی رہا تھا،دوسری جانب ان جھاڑیوں میں زیریلے سانپ اور دوسرے جانوروں کے خطرات کا بھی لوگوں کو اندیشہ تھا۔اس سلسلہ میں کئی بار لوگوں کی جانب سے احتجاج کرکے انتظامیہ کو متوجہ کئے جانے کی کوشش کی گئی لیکن انتظامیہ نے کوئی قدم نہیں اٹھایاجس کے بعد سماجی تنظیم سماجی سیوا سوسائٹی کے کارکنان نے اتوار کو تنظیم کے چیئرمین یوگل کشور شرما کی قیادت میں قلعہ کے ارد گرد جھاڑیاں کاٹ کر وہاں صفائی مہم چلا ئی ۔یوگل کشور اور ان کے ساتھیوںنے ضلع انتظامیہ پونچھ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انتظا میہ آثار قدیمہ کی عمارتوں کی طرف متوجہ نہیں ہو رہی۔انہوں نے کہا کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی اس بات پر سراہنا کئے بغیر نہیں رہیں گے کہ وہ عوامی مسائل کو بخوبی حل کر رہے ہیںلیکن یہ بات بھی جھٹلائی نہیں جا سکتی کہ انتظامیہ قدیم اثاثہ کو تحفظ فراہم نہیں کر رہی۔انہوں نے کہا کہ قلعہ پونچھ پونچھ کی شان ہے جس کی مرمت کے لئے مرکز کی جانب سے کروڑوں روپے واگزار کیا جا رہا ہے لیکن وہ رقم قلعہ کے کس حصہ میں مرمت پر خرچ کی جا رہی ہے، نظر نہیں آتا۔انہوںنے کہاکہ یہ کام میونسپل کمیٹی کاہے جو اپنی ذمہ داری انجام نہیں دے رہی ۔