سرینگر میں10امیدواروں کے کاغذات مسترد بارہمولہ اور لداخ حلقوں کیلئے نوٹیفکیشن جاری

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// سرینگر لوک سبھا پارلیمانی حلقہ کے ریٹرننگ افسر نے 29 کاغذات نامزدگی درست پائے جن میں نیشنل کانفرنس کے امیدوار آغا روح اللہ مہدی کے کاغذات بھی شامل ہیں۔موصول ہونے والے تمام 39 کاغذات نامزدگی کی مکمل جانچ پڑتال کے دوران، ریٹرننگ آفیسر نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنما خطوط کے مطابق 29 نامزدگیوں کو درست پایا۔جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے،ان میں نیشنل کانفرنس کے آغا سید روح اللہ، اپنی پارٹی کے محمد اشرف میر، پی ڈی پی کے وحید الرحمان پرہ، ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد سے عامر احمد بٹ ، بھارت جوڑو پارٹی کے یونس احمد میر، نیشنل لوک تانترک پارٹی کی روبینہ اختر، نیشنل پینتھرس پارٹی(بھیم) سے حکمت سنگھ اور جن تحفظ پارٹی کے محمد یوسف بٹ، شیبان عشائی، نثار احمد آہنگر، مرزا سجاد حسین بیگ، جبران ڈار، شاہنواز حسین بٹ، امین ڈار، ریاض احمدبٹ، فیاض احمد بٹ، صائم مصطفی، وسیم حسن، شیخ، غلام محمد وانی، ہلال احمد ڈار، واحدہ تبسم، ڈاکٹر قاضی اشرف، قیصر سلطان گنائی، عبدالحمید راتھر، جاوید احمد وانی، جہانگیر احمد شیخ، شبیر احمد ملک اور سجاد احمد ڈار شامل ہیں۔ 10 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے کیونکہ جانچ پڑتال کے دوران ان کے کاغذات نامزدگی غلط پائے گئے۔سرینگر پارلیمانی حلقہ میں 13 مئی 2024 کو چوتھے مرحلے میں انتخابات ہونے ہیں۔ادھر ریٹرننگ آفیسر بارہمولہ پارلیمانی حلقہ مِنگا شیرپا نے بارہمولہ حلقہ میں آئندہ پارلیمانی اِنتخابات 2024 ء کے لئے اِنتخابی نوٹیفکیشن جاری کیا۔مِنگاشیرپا نے بتایا کہ کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کی مدت 26؍ اپریل صبح 11بجے شروع ہوئی اور 3 ؍مئی کو سہ پہر 3 بجے تک ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہ کاغذاتِ کی جانچ پڑتال 4؍ مئی کو کی جائے گی جبکہ کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 6 ؍مئی دوپہر 3 بجے تک مقرر کی گئی ہے۔ اِس حلقے میں20؍ مئی کو اِنتخابات ہونے والے ہیں۔ادھر لداخ حلقے کیلئے بھی جمعہ کو نوٹیفکیشن جاری کی گئی۔ یہاں نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ 3مئی کو مقرر کی گئی ہے۔