کھریو میں نائب تحصیلدار رشوت لیتے ہوئے گرفتار

 مشتاق الاسلام

پلوامہ //اینٹی کرپشن بیورو نے پیر کو نائب تحصیلدار کھریو کو رشوت مانگنے اور قبول کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ۔ حکام نے بتایا کہ انسداد رشوت ستانی بیورو نے محمد مقبول( نائب تحصیلدار کھریو ) کو 2 لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کرتے ہوئے اور پہلی قسط کے طور پر 10 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔حکام نے مزید بتایا کہ مشتاق احمد ولدمحمد اکبر ساکن اسماعیل کالونی ستپکھران کھریو نے شکایت کی تھی، کہ مذکورہ سرکاری افسر ان رشوت طلب کررہا ہے۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ رشوت کی رقم قسطوں میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور پہلی قسط کے طور پرشکایت کنندہ سے 10 ہزار روپے ادا کرنے کو کہا گیا۔ تاہم نائب تحصیلدار کو رشوت کی رقم ادا کرنے سے پہلے شکایت کنندگان نے انسداد بدعنوانی بیورو سے رجوع کیا تاکہ ملزم سرکاری ملازم کے خلاف قانون کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکے۔ “تحقیقات کے دوران ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹیم نے کامیاب جال بچھا کر نائب تحصیلدار کھریو کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔