این سی کو کرگل میں بغاوت کا سامنا ضلع کے عہدیدار اجتماعی طور مستعفی

غلام نبی رینہ

کنگن//نیشنل کانفرنس کو پیر کو لداخ کے کرگل ضلع میں لوک سبھا انتخابات سے پہلے ایک زبردست بغاوت کا سامنا کرنا پڑا جب ضلع یونٹ کرگل نے پارٹی ہائی کمان کو اجتماعی استعفیٰ پیش کیا۔یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب نیشنل کانفرنس ہائی کمان نے کرگل میں پارٹی عہدیداروں سے لداخ پارلیمانی حلقہ میں انڈیا بلاک کے امیدوار تسیرنگ نامگیال کی حمایت کرنے کو کہا، جسکا نیشنل کانفرنس کیڈر نے انکار کر دیا۔ایڈیشنل جنرل سکریٹری قمر علی آخون نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس فیصلے کے بارے میں اعلان کیا اور کہا کہ نیشنل کانفرنس یونٹ کرگل نے پارٹی کمان کو اجتماعی استعفیٰ پیش کیا ہے۔ آخون نے کہا کہ این سی ہائی کمان نے ان پر دبا ڈالاکہ وہ انتخابات میں کانگریس کی قیادت والے انڈیا بلاک کے امیدوار سرنگ نمگیال کی حمایت کریں جو کرگل کی قیادت کو قابل قبول نہیں ہے۔

 

این سی ہائی کمان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ”مجموعی طور پر لداخ خطے کے مفاد میں اور ہمارے خطے کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے، لداخ ڈیموکریٹک الائنس نے متحد ہو کر ایک مشترکہ امیدوار محمد حنیفہ جان کو آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے آزاد امیدوار کے طور پر پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ لداخ پارلیمانی حلقہ جس کی حمایت تمام سیاسی اور مذہبی گروہوں نے متفقہ طور پر پارٹی/مذہبی وابستگیوں کو ختم کرتے ہوئے کی ہے۔تاہم، “پارٹی ہائی کمان ہم پر دبا ڈال رہی ہے(ٹیلیفون کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی)لداخ سے کانگریس کے سرکاری امیدوار کی حمایت کرنے کے لیے جو ہمارے لیے ناقابل قبول ہے ‘‘۔خط میں کہا گیا ہے’’جیسا کہ پارٹی ہمیں لداخ کے لوگوں کے مفاد کے خلاف کام کرنے پر اصرار کرتی ہے، اس لیے ہم پارٹی کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری این سی سمیت پارٹی کے تمام عہدیداروں سے استعفی دینے پر مجبور ہیں‘‘۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اس خط کو جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کی بنیادی رکنیت سے پارٹی کے تمام عہدیداروں کے اجتماعی استعفی کے طور پر سمجھا جا سکتا ہے‘‘۔ین سی کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری قمر علی آخون نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ پارٹی کے دبا ئوکے سامنے نہیں جھکیں گے اور لداخ کے لوگوں کے مفاد کو پہلے رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلد ہی مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ان کا واحد مقصد آئندہ پارلیمانی انتخابات میں لداخ جمہوری اتحاد کے مشترکہ امیدوار حاجی حنیفہ کی جیت کو یقینی بنانا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ کارگل میں این سی-کانگریس اتحاد نے لداخ لوک سبھا سیٹ کے لیے مشترکہ امیدوار کھڑا کیا ہے۔ تاہم، نیشنل کانفرنس اور کانگریس سمیت دونوں جماعتوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے معاہدے کے مطابق لداخ لوک سبھا سیٹ کانگریس کو دی گئی۔