جموں //سیول سیکریٹریٹ جموں اور سرینگر دونوں جگہوں پر کام کرے گا اور اس سلسلے میں محکمہ عمومی انتظامی کی طرف سے انتظامی سیکریٹریوں کاوقفہ وقفہ سے سرینگر جموں دونوں جگہوں پر خدمات انجام دینے کیلئے روسٹر مرتب کیاجائے گا۔محکمہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک حکمنامہ میں بتایاگیاہے’’جیساکہ سیول سیکریٹریٹ دونوں جگہوں جموں اور سرینگر سے ایک ساتھ کام کرے گا اس لئے انتظامی سیکریٹری وقفہ وقفہ سے دونوں جگہوں پر کام کریں گے ،جو انتظامی سیکریٹری دونوں جگہوں پر کام کریں گے ان کیلئے محکمہ عمومی انتظامی کی طرف سے ایک روسٹر مرتب کیاجائے گا‘‘۔حکمنامہ میں مزید کہاگیاہے کہ محکمہ عمومی انتظامی ان محکمہ جات کی فہرست بھی تیار کرے گاجن کے پورے ریکارڈ کو سرینگر منتقل کیاجاناچاہئے ۔ایک افسر نے بتایاکہ انتظامی سیکریٹریوں سے پہلے سے ہی یہ گزارش کی گئی ہے کہ وہ سرینگر منتقل کئے جانیوالے محکمہ جات کے ریکارڈ کی جانکاری دیں ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کے چلتے حکومت نے دربار مو سے جڑے ملازمین کو ’جو جہاں ہے وہ وہیں کام کرے ‘کی بنیاد پر کام کی اجازت دی ہے ۔سرینگر میں دفاتر 6جولائی کو کھل جائیں گے جنہیں 26جون کو جموں میں بند کردیاجائے گا۔