جموں//لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے مارے گئے سرپنچ اجے پنڈتا کے لواحقین کے ساتھ تبادلہ خیال کر کے اپنے گہرے رنج و غم کا اِظہار کیا ۔اَجے پنڈتا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اِس قربانی کے لئے اُنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اِس بزدلانہ فعل کے مرتکب مجرموں کو اپنی غلطی کا احساس ہوگا اور اِنسانیت سوز جرائم سے احتراز کریں گے۔یوٹی حکومت کی جانب سے بھرپور مدد کا یقین دِلاتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے سرپنچ کے لواحقین کوعبوری امداد پیش کی۔ 20لاکھ روپے کی مالیت کی امداد میں ایس آر ای سے 5لاکھ، حکومت سے 1 لاکھ روپے کی عبوری اِمداد، لیفٹیننٹ گورنرریلیف فنڈ میں سے 4لاکھ روپے جبکہ پنچایت ویلفیئر فنڈ میں سے 10لاکھ روپے کی رقم عنقریب واگذار کی جائے گی۔سرپنچ اجے پنڈتا ضلع اننت ناگ کے بلاک شا ہ آباد میں پنچایت حلقہ لکھ بھون کے رہنے والے تھے ۔ وہ اَپنے پیچھے اہلیہ ، دو بیٹیاں اور والدین کو چھوڑ گئے ہیں۔