جموں//ریاستی حکومت نئے منتخب شدہ سرپنچوں اور پنچوں کو اُن کی ذمہ داریاں موثر طریقے پر انجام دینے کیلئے انہیں ایک تفصیلی تربیتی پروگرام کی سہولیت فراہم کر رہی ہے ۔ اس سلسلے میں نیشنل انسٹی چیوٹ آف رورل ڈیولپمنٹ اینڈ پنچائتی راج ( این آئی آر ڈی پی آر ) میں ایک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ۔ ورکشاپ کا اہتمام چیئرپرسن آف ڈائریکٹر جنرل این آئی آر ڈی پی آر ڈاکٹر ڈبلیو آر ریڈی کی صدارت میں منعقد کیا گیا ۔ ریاست جموں کشمیر کی نمائندگی ریاست کی دیہی ترقی و پنچائتی راج سیکرٹری شیتل نندا ، ڈائریکٹر پنچائتس جے اینڈ کے اور امپارڈ جے اینڈ کے مس شافیہ نے کی ۔ اُن کے علاوہ ورکشاپ میں این آئی آر ڈی پی آر کے کئی فیکلٹی ممبر موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیتل نندا نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد ریاست جموں کشمیر کے سرپنچوں اور پنچوں کو ریاست کے پنچائتی راج ایکٹ کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرپنچوں اور پنچوں کو پنچائتی راج اداروں کی کارکردگی میں انتظامی معاملات کے بارے میں بھی باخبر کرنا ہے ۔ شیتل نندا نے مزید کہا کہ ریاستی دیہی ترقی محکمہ اور امپارڈ این آئی آر ڈی پی آر حیدرآباد کے اشتراک سے پنچوں اور سرپنچوں کیلئے دوسے تین ماہ کے عرصے کا کیپسٹی بلڈنگ منعقد کریں گے ۔