سرنکوٹ//سرنکوٹ کے بارہویں جماعت کے طلباء نے بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کیمسٹری کا پرچہ دوبارہ لینے کا مطالبہ کیاہے کیونکہ طلباء کے بقول یہ پرچہ نصاب سے باہر تھا اور اسی پرچہ کو کشمیر میں بھی دوبارہ لیاگیاہے ۔طلباء نے بس اڈہ پر جمع ہوکر احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ 30 اکتوبر کو کیمسٹری کا پرچہ ہوا تھااور ایسے سوالات پوچھے گئے جو نصاب سے باہر تھے ۔انہوںنے کہاکہ ایسا ہی پرچہ کشمیر میں لیاگیا جس پر وہاں کے طلباء نے احتجا ج کیا اور بورڈ حکام نے پھر یہی پرچہ دوبارہ لینے کا فیصلہ لیا لیکن سرنکوٹ کے طلباء کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے جس سے ان کے نمبرات کم ہوسکتے ہیں یاپھر وہ امتحان میں ناکامی سے دوچار ہوسکتے ہیں ۔ انہوںنے مطالبہ کیاکہ ان کاپرچہ بھی دوبارہ لیاجائے ۔طلباء نے وزیر تعلیم سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلہ پر سنجید ہ اقدامات کریں اور انہیں کے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچایاجاسکے ۔ساتھ ہی انہوںنے انتباہ دیاکہ اگر یہ پرچہ دوبارہ نہیں لیاگیاتووہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے جس کی تمام تر ذمہ دار ی حکام پر عائد ہوگی ۔