سرنکوٹ//سرنکوٹ میں بجلی کی سپلائی کا نظام انتہائی ناقص بناہواہے اور ذرا سی ہواچلنے پر محکمہ کی طرف سے بجلی سپلائی منقطع کردی جاتی ہے جس کی بحالی کیلئے پھر گھنٹے نہیں بلکہ دن درکار ہوتے ہیں۔پچھلے ایک ہفتے کے دوران بجلی کی سپلائی میں انتہائی ابتری دیکھی گئی ہے اور روزانہ ہی ہواچل جانے پر سپلائی منقطع کردی جاتی رہی ہے۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ بارشیں ہونے سے انہوں نے کچھ راحت تو محسوس کی لیکن محکمہ بجلی نے پریشان کرنا شروع کردیاہے اور عید الفطر کے کچھ دن قبل سے لیکراب تک سپلائی کا حال براہے۔انہوں نے محکمہ بجلی کے افسران کیخلاف غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازم اس بات کا انتظار کرتے رہتے ہیں کہ کب معمولی سے ہواچل جائے اور وہ بجلی سپلائی منقطع کرلیں۔سنئی علاقے کے لوگوں کاکہناہے کہ وہ پچھلے ایک ہفتے سے چلے آرہے نظام سے تنگ آچکے ہیں اور محکمہ کے افسران و ملازمین کوکوئی پرواہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر لائن میں کوئی فالٹ دریا کے اس پار کسی جگہ پر آجائے تو سنئی کی بجلی بھی کاٹ دی جاتی ہے جس کے بعد دوسرے دن تک بھی اس کو بحال نہیں کیاجاتاجس کے نتیجہ میں پورا علاقہ گھپ اندھیرے میں ہوجاتاہے اور موبائل فون بھی بند ہوجاتے ہیں۔ایک مقامی نوجوان اعجاز حسین شاہ نے بتایاکہ بجلی کا ںظام انتہائی ابتر بناہواہے اور محکمہ کو ٹس سے مس نہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ معمول بن گیاہے کہ ذراسی ہواچلنے پر بجلی سپلائی کاٹ دی جاتی ہے جسے پھر بحال ہی نہیں کیاجاتا۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے نظام سے وہ تنگ آچکے ہیں اور طلبارات کو پڑھائی نہیں کرپارہے جبکہ دیگر نظام بھی متاثر ہوتاہے۔انہوں نے کہاکہ آج سبھی کا دارومدار بجلی پر رہتاہے اس لئے لوگ کوئی تیل خاکی کے ذریعہ چمنی جلانے یا کسی دوسرے متبادل کیلئے تیار نہیں ہوتے لیکن محکمہ انہیں پریشان کن حالات سے دوچار کرتاہے۔انہوں نے کہاکہ سنئی کی سپلائی لائن لسانہ کے بجائے پوٹھہ سے دی جائے کیونکہ لسانہ جانے والی لائن دریا کے اس پار سے ہوکر جاتی ہے جہاں معمولی سافالٹ آجانے پوراعلاقہ گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتاہے۔