عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں ایک بار پھراضافہ ہوگیا ہے اور محکمہ موسمیات نے 25جنوری تک بارش یا ہلکی و درمیانی برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ یکے بعد دیگرے تین ویسٹرن ڈسٹربنس وادی کشمیر کو متاثر کرے گا، جس سے اگلے چند دنوں میںدرمیانی یا بھاری برفباری اور بارشیں متوقع ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کو الگ تھلگ اونچے مقامات پر ہلکی برفباری، جبکہ 19 اور 20 جنوری کو ہلکی سے درمیانی بارش/ برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ 21 جنوری کو اونچائی پر ہلکی برفباری کا امکان ہے، جس کے بعد 25 جنوری تک ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری متوقع ہے۔ وادی چناب کے چند اضلاع، پیر پنجال رینج اور جنوبی کشمیر کے اضلاع میں 23 سے 24 جنوری تک شدید بارش یا برف باری ہو سکتی ہے۔ادھرسرینگر میں جمعہ کی رات درجہ حرارت منفی 3.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ شوپیان وادی میں سب سے سرد جگہ تھی، جہاں پارہ منفی 5.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔پہلگام میں منفی 2.6 ، گلمرگ میں منفی 4.2 اورسونمرگ میںمنفی 2.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔قاضی گنڈ میں پارہ منفی 3.4 ، کوکرناگ میں منفی 2 اور کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری سیلسیس رہا۔