سرینگر//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ ریاست کے سرحدی اور دور دراز علاقوں میں تعلیمی بنیادی ڈھانچے کے اقدامات شروع کئے گئے ہیں تاکہ ان علاقوں کے طلاب کی تعلیمی سہولیات میں بہتری لائی جاسکے ۔اس بات کا اظہار وزیر نے جامع ضیاء العلوم گروپ آف انسٹی ٹیویشن کے طلاب کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جو وادی کشمیر کے پانچ روزہ ایجوکیشن کم سٹیڈی ٹور پر آئے ہوئے ہیں۔طلباء کی قیادت اُن کے پرنسپل وحید احمد بانڈے کر رہے ہیں۔وزیر سے بات چیت کے دوران طلاب نے انہیں کہا کہ سرحدی علاقوں میں سرکاری سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر اَپ گریڈ کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔الطاف بخاری نے کہا کہ دور دراز اور سرحدی علاقوں میں سکولوں میں کمپیوٹر اور دیگر سمارٹ کلاس سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ ان علاقوں کے طلاب کو معیاری تعلیم سے روشنا س کیا جاسکے۔وزیر نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت پرائیویٹ ایجوکیشنل انسچیو یشنوں کو تمام طرح کی مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی سکولوں کو مشترکہ طور ریاست جموں وکشمیر میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لئے تگ و دو کرنی چاہئے۔اس موقعہ پر وزیر نے ان 29طلاب کی حوصلہ افزائی کی جو ایجوکیشنل ٹور میں میڈل حاصل کرچکے تھے۔