جموں//جموں وکشمیرنیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دویندرسنگھ رانا نے کہاکہ موجودہ وقت میں جب لالچ ،بے راہ روی اوردیگربرائیاں ہمارے سماج کیلئے ایک چیلنج بنی ہوئی ہیں ،ایسے وقت میں سماج کے تئیں بے لوث خدمت کاجذبہ رکھنے والے لوگ قابل تحسین ہیں۔دویندررانانے ان خیالات کااظہار یہاں سدھراجموں میں ایک کمیونٹی ہال کاافتتاح کرتے ہوئے کیا۔کمیونٹی ہال کی تعمیر کے لئے دھن دیوی نے زمین کاپلاٹ دیاہے۔انہوں نے کہاکہ اس کمیونٹی ہال کی تعمیرمکمل ہونے پرعلاقہ کے لوگوں کوسماجی تقریبات منانے کی بہترسہولیات دستیاب ہوں گے۔رانانے کہاکہ اسمبلی حلقہ نگروٹہ ایک جدیدترین حلقہ انتخاب کی صورت میں ابھرکرسامنے آرہاہے ۔جہاں پرکھیل کود،رہائشی اوربہترتعلیمی وبنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔ اس موقعہ پر موجودلوگوں سے خطاب کرتے ہوئے رانانے کہاکہ وہ اس علاقہ کے عوام بنیادی سہولیات میں بہتری لانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔کمیونٹی ہال کے لیے زمین کاپلاٹ دینے کیلئے رانانے دھن دیوی کی سماجی ہمدردی کی کاوشوں کوسراہا۔