عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//پارٹی سے ناراضگی کی خبروں کے درمیان سینئر کانگریس لیڈر ششی تھرور نے جمعرات کو پارٹی صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی سے ملاقات کی اور واضح کیا کہ پارٹی قیادت کے ساتھ ان کے تعلقات خوشگوار ہیں۔پارلیمنٹ ہاؤس میں کھرگے کے چیمبر میں ہونے والی یہ ملاقات ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی، جس میں کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال بھی شریک ہوئے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ششی تھرور نے کہا، “ہماری ایک مثبت، تعمیری اور مفید گفتگو ہوئی۔ سب کچھ ٹھیک ہے اور ہم سب ایک ہی صفحے پر ہیں۔جب ان سے کیرالہ اسمبلی انتخابات کے لیے وزیراعلیٰ کے امیدوار کے حوالے سے سوال کیا گیا تو تھرور نے واضح کیا کہ یہ معاملہ کبھی زیرِ بحث ہی نہیں آیا۔ انہوں نے کہا، “میں کسی عہدے کا امیدوار نہیں ہوں۔ اس وقت میں ایک رکن پارلیمنٹ ہوں اور میرے ووٹرز نے مجھ پر اعتماد کیا ہے، جسے نبھانا میری ذمہ داری ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ششی تھرور نے کیرالہ اسمبلی انتخابات سے متعلق کانگریس کی ایک اہم اسٹریٹیجی میٹنگ میں شرکت نہیں کی تھی، جس کے بعد پارٹی کے اندر اختلافات کی خبریں سامنے آئیں۔ ذرائع کے مطابق، کوچی میں 19 جنوری کو منعقدہ ’مہا پنچایت‘ پروگرام کے دوران راہل گاندھی کی جانب سے اسٹیج پر موجود دیگر سینئر رہنماؤں کا نام لینے کے باوجود ششی تھرور کا ذکر نہ کیے جانے پر وہ دل برداشتہ تھے۔