سانبہ//18اور 19جولائی 2026کی درمیانی شب ضلع سانبہ کے پولیس سٹیشن پرمنڈل کی حدود میں واقع سنگر پل کے قریب ایک کھلونا ڈرون (ٹوائے ڈرون) پڑا ہوا ملا، جس کے بعد پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ۔اطلاعات کے مطابق سنگر گاؤں کے ایک مقامی شہری نے سب سے پہلے ڈرون کو دیکھا اور فوری طور پر 157ٹیریٹوریل آرمی کے اہلکاروں کو اس کی اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی 157 ٹی اے کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور برآمد شدہ ڈرون کا ابتدائی معائنہ کیا۔بعد ازاں 157 ٹی اے کے اہلکاروں نے اس برآمدگی کے بارے میں پولیس سٹیشن پرمنڈل کو مطلع کیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور ڈرون کی ابتدائی جانچ کی۔ابتدائی معائنے میں یہ ڈرون ایک کھلونا ڈرون معلوم ہوا اور اس میں کسی مشتبہ مواد یا سرگرمی کے آثار نہیں پائے گئے۔ جانچ مکمل ہونے کے بعد 157ٹی اے کے اہلکاروں نے ڈرون باقاعدہ طور پر پولیس اسٹیشن پرمنڈل کی ٹیم کے حوالے کر دیا تاکہ مزید قانونی کارروائی اور تفصیلی جانچ عمل میں لائی جا سکے۔پولیس نے ڈرون کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اس کی ملکیت، اصل ماخذ اور یہ ڈرون اس مقام تک کیسے پہنچا، اس بارے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔