عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں میں امسا ل امرناتھ یاترا کیلئے پیشگی رجسٹریشن آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں میں شروع ہوتے ہی رجسٹریشن مراکز پر عقیدت مندوں کی بھاری بھیر اُمڈ آئی ۔ حکام کے مطابق پیشگی رجسٹریشن آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں میں کھلی ہے۔خیال رہے کہ 57روزہ یاترا 3جولائی کو شروع ہوکر 28اگست کو رکھشا بندھن پر اختتام پذیر ہوگی۔پنجاب نیشنل بینک کے جموں سرکل ہیڈ، ڈی جی ایم پنکج کمار ورما نے نامہ نگاروں کو بتایا’’امرناتھ یاترا کے لئے رجسٹریشن شروع ہو گئی ہے۔ یہاں بہت زیادہ رش ہے کیونکہ یاتری خود کو رجسٹر کرنے کے لئے آ رہے ہیں۔
اسے آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے کھولا گیا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ پنجاب نیشنل بینک یاترا کیلئے نوڈل بینک کے طور پر کام کرتا ہے۔ہندوستان بھر میں 556بینک شاخیں رجسٹریشن کے عمل میں شامل ہیں، جن میں سے پنجاب نیشنل بینک کی 310شاخیں حصہ لیتی ہیں۔جموں میں آف لائن برانچوں بشمول جے کے بینک اور پی این بی کی شاخوں میں صبح 8 بجے سے ہی لمبی قطاریں لگ گئیں کیونکہ عقیدت مند رجسٹریشن کے عمل کے آغاز سے ایک گھنٹہ پہلے قطار میں کھڑے تھے۔جموں کے رہائشی یامنی شرما نے نامہ نگاروں کو بتایا’’ میں گھپا پر سب سے پہلے سجدہ کرنے والوں میں شامل ہونا چاہتا ہوں۔ اسی لیے میں آج صبح سویرے اپنے آپ کو رجسٹر کروانے آیا ہوں۔ یہ میری دوسری یاترا ہو گی‘‘۔ انہوں نے کہا’’ہم نے پچھلے کئی برسوں سے ہمیشہ پہلے قافلہ میں گپھا پر سجدہ کیا ہے۔ اس سال بھی ہم نےیاتراکے لئے رجسٹریشن کرائی ہے‘‘۔پی این بی کے ڈی جی ایم نے کہا کہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، بینکوں کی حمایت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا’’ہم توقع کر رہے ہیں کہ لوگوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا‘‘۔