جموں//سابق رُکن قانون سازیہ اودھمپور پون کمار گپتا نے آج یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کے ساتھ ملاقات کی ۔پون کمارگپتا نے لیفٹیننٹ گورنر کو اودھمپور کے کئی ترقیاتی معاملات کے بارے میں جانکاری دلائی۔اُنہوں نے کئی اہم عوامی اہمیت کے حامل معاملات کی ایک فہرست لیفٹیننٹ گورنر کو پیش کی۔لیفٹیننٹ گورنرنے گپتا کو یقین دِلایا کہ اُن کی طرف سے اُٹھائے گئے کئی معاملات و مطالبات پر غور کیا جائے گا۔نیشنل ہیلتھ مشن ملازمین جن کی قیادت روہت سیٹھ کر رہے تھے کا ایک وفد بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقی ہوا ۔ وفد نے این ایچ ایم ملازمین کی باقاعدگی اور مشاہرات کے بارے میں کئی معاملات لیفٹیننٹ گورنر کی نوٹس میں لائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کا مطالبہ بغور سنا اور انہیں یقین دِلایا کہ ان کی جائز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ بعد میں ہاٹ مکس پلانٹ اوپریٹرس جموں کا ایک وفد چیئرمین سی پی گپتا کی قیادت میں لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقی ہوا اور اپنے مطالبات اُن کی نوٹس میں لائے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کو یقین دِلایا کہ ان کی جائز مطالبات پر حکومت ہمدردانہ غور کرے گی۔ادھرچیئرمین نیشنل بلڈنگ کنسٹرکشن کارپوریشن ( این بی سی سی ) پی کے گپتا نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو سے ملاقات کی۔گپتا نے لیفٹیننٹ گورنر کو جے اینڈ کے میں جاری کئی پروجیکٹوںکی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے چیئرمین کو صلاح دی کہ وہ موجودہ پروجیکٹوں کی دیکھ ریکھ کی طرف خصوصی توجہ دیں اور جاری پروجیکٹوں کی نگرانی بھی لائیں تاکہ اُن کی تکمیل بروقت ہو۔