جموں//حال ہی میں پاکستان کی کمسن بچی زینب کے ساتھ دست درازی کے بعد ہوئی ہلاکت کے خلاف جموں میں احتجاج کیا گیا ۔چھوٹے چھوٹے بچوں، نوجوان لڑکے اور لڑکیوںنے درجنوںکی تعداد میں موم بتیاں جلا کر متاثرہ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کی مانگ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صنف نازک بالخصوص چھوٹی بچیوںکا جنسی استحصال ہر طرح سے قابل مذمت ہے اور بچے خواہ دنیا کے کسی بھی کونے سے ہوں، اس قسم کے بھیانک جرائم کے خلاف صف آرا ہیں تا کہ سماج سے اس قسم کے گھنائونے جرائم کو ختم کیا جا سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس قسم کے جرم کے مرتکبین کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہئے تا کہ دوسرے لوگ بھی عبرت حاصل کرسکیں۔ مظاہرین نے ہاتھو ں میں تختیاں اٹھا رکھی تھیں جن پر زینب کو انصاف دلائے جانے کی مانگ کرتے ہوئے انسانیت کو زندہ رکھنے کے لئے سبھی کو اتفاق و اتحاد سے تمام اختلافات سے بالا تر ہو کر ان جرائم کے خلاف آواز بلند کرنے کے نعرے درج تھے۔