پونچھ//پونچھ قصبہ کے وسط میں پریڈ گرائونڈ میں بنائی گئی زنانہ پارک کی اگر چہ کچھ عرصہ قبل مرمت کروائی گئی لیکن اس دوران وہاں بچوں کے لئے لگائے گئے جھولے اور دیگر سامان کو ویسے ہی چھوڑ دیاگیا جن کو زنگ لگاہواہے۔اس سلسلہ میں پارک میں کھیل رہے ایک کم عمر لڑکے محمد کاشف نے بتایا کہ پارک میں لگایا گیا جھولا اور پھسلن سیڑھی کی بھی خستہ حالت ہے جس پر کھیلتے ہوئے ان کے کپڑے ہمیشہ پھٹ جاتے ہیں ۔اس نے کہا کہ کئی بار ان جھولوں کی خستہ حالت کی وجہ سے بچے زخمی بھی ہو جاتے ہیں۔مقامی شخص جاوید اقبال ریشی کاکہناہے کہ زنانہ پارک پونچھ کی سب سے اہم ترین پارکوں میںشمار ہوتی ہے جس کو عدم توجہی کاشکار بنادیاگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پارک کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں ضلع ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے ساتھ آئے ہوئے لوگ فرصت کے چند لمحات گزارنے کے لئے آتے ہیں اورچونکہ یہ پارک صدر بازار کے بالکل قریب ہے اس لئے باہر سے آئے ہوئے لوگ بھی یہاں پر آکر اپنا وقت گذارتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر شام کے وقت پونچھ قصبہ کے اکثر بچے اسی پارک میں آکر کھیلتے ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ پارک میں بچوں کے کھیلنے کے لئے سامان ہی نصب نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایک جھولا ،پھسلن سیڑھی اور ایک ڈھانچہ جسے پارک میں عرصہ دراز قبل لگایا گیا تھا، اب بالکل ٹوٹ چکا ہے ۔انہوں نے پونچھ میں حال ہی میں تعینات ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر طارق احمد زرگر سے اپیل کی کہ وہ اس پارک کا دورہ کرکے خود جائزہ لیں اور یہاں جدید سامان نصب کرایاجائے ۔