عظمیٰ نیوزسروس
جموں//حکومت نے واضح کیا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں زمین کے استعمال کی تبدیلی کے ضوابط میں نرمی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے ۔ یہ بات وزیر جاوید احمد رانا نے اسمبلی میں قانون ساز سرجیت سنگھ سلاتھیہ کے سوال کے جواب میں بتائی ۔ وزیر نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی طرف سے جواب دیا ۔ وزیر نے کہا کہ حکومت فی الحال زمین کے استعمال کی تبدیلی میں کسی قسم کی نرمی دینے کا ارادہ نہیں رکھتی ۔ مزید وضاحت کی گئی کہ دیہی علاقوں کو موجودہ سی ایل یو کے احکامات سے مستثنیٰ کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ حکومت نے یہ بھی کہا کہ زمین کے استعمال کی تبدیلی کیلئے مقررہ فیس کم کرنے یا مقررہ طریقہ کار کو آسان بنانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے ۔ اس موضوع پر قانون ساز وکرم رندھاوا ، راجیو جسروٹیہ اور آر ایس پٹھانیہ نے تکمیلی سوالات اٹھائے ۔
مکمل جانچ پڑتال کے بعد این او سی جاری کئے جاتے ہیں :وزیر جنگلات
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//حکومت نے ایوان کو مطلع کیا کہ رہائشی مکانات کی تعمیر کیلئے نو ابجیکشن سرٹیفکیٹ ( این او سی ) صرف مقررہ ضوابط اور قانونی دفعات کی سختی سے پابندی کرتے ہوئے مکمل جانچ پڑتال اور فیلڈ تصدیق کے بعد جاری کئے جاتے ہیں ۔ یہ بات وزیر برائے جنگلات و ماحولیات جاوید احمد رانا نے ایوان میں قانون ساز الطاف احمد وانی کے سوال کے جواب میں بتائی ۔ وزیر نے بتایا کہ جنوری 2024سے دسمبر2025کے دوران ضلع اننت ناگ کے جنوبی ڈویژن کے وائلڈ لائف وارڈن کے دفتر کو مقامی مستحق رہائشیوں کی طرف سے رہائشی مکانات کی تعمیر کیلئے کل 349 درخواستیں موصول ہوئیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ درخواستیں پہلگام ڈویژن اتھارٹی ، سب ڈویژنل مجسٹریٹ پہلگام اور بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر پہلگام کی طرف سے بھیجی گئی تھیں اور مناسب جانچ پڑتال اور فیلڈ تصدیقی رپورٹس کے بعد 346 درخواستوں کے حوالے سے این او سی جاری کئے گئے ۔ پینلڈ ملازمین کے حوالے سے وزیر نے بتایا کہ جنگلی حیات محکمہ میں جموں و کشمیر کے مختلف ڈویژنوں میں جنگلی حیات کے وسائل کے تحفظ ، بقا اور انتظام کیلئے کُل 517پینلڈ ملازمین /ورکرز موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام پینلڈ ملازمین کی تنخواہیں اور اجرتیں بروقت ادا کی جا رہی ہیں اور ان کے خلاف کوئی واجبات باقی نہیں ہیں ۔
راجوری میں واٹر سپلائی سکیموں کی ہموار عملداری یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری:رانا
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//حکومت نے قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ حکومت ہند نے جل جیون مشن ( جے جے ایم ) کو 2028تک توسیع دے دی ہے اور راجوری ضلع میں واٹر سپلائی سکیموںکی ہموار عملداری یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں حالانکہ فنڈز کی دستیابی سے متعلق عارضی چیلنجز موجود ہیں ۔ یہ بات جل شکتی کے وزیر جاوید احمد رانا نے ایوان میں لیجسلیٹر افتخار احمد کے سوال کے جواب میں کہی۔وزیر نے بتایا کہ راجوری ضلع میں حال ہی میں مکمل /کمیشن کی گئی کچھ اسکیموں کو افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے ، جسے ڈویژن کے اندر دستیاب عملے کی معقول تقسیم اور اندرونی تعیناتی کے ذریعے حل کیا جا رہا ہے تا کہ ضروری واٹر سپلائی خدمات کی ہموار کارکردگی یقینی بنائی جا سکے ۔