عظمیٰ نیوز سروس
پونے://مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اور این سی پی کے سربراہ اجیت پوار بدھ کی صبح بارامتی کے قریب ایک طیارہ حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ اجیت پوار کی موت پر تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اجیت پوار کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور انہیں زمین سے جڑا ایک مضبوط رابطہ بنانے والا عوامی لیڈر قرار دیا ۔ پی ایم مودی کے مطابق اجیت پوار ایک ایسی شخصیت تھے جو محنت اور عوامی خدمت کی لگن کے لیے بڑے پیمانے پر قابل احترام تھے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس سے بات کی اور بارامتی کے قریب ہوئے طیارہ حادثے سے متعلق جانکاری حاصل کی۔اپنے ساتھی اجیت پوار کے انتقال پر، مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ، “یہ مہاراشٹر کے لیے ایک بدقسمتی کا دن ہے۔ یہ پورے مہاراشٹر کے لیے ایک دردناک واقعہ ہے۔ گڈکری نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، “خبر انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔ میرا انہیں دلی خراج عقیدت۔ پچھلے کئی سالوں میں، ریاستی مقننہ میں ایک ساتھ کام کرتے ہوئے، میں نے اجیت دادا کے ساتھ ایک انتہائی قریبی اشتراک کیا۔”کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نےایکس پر انہوں نے کہا، “شری اجیت پوار کے طیارہ حادثے میں المناک انتقال کی خبر گہرا صدمہ پہنچانے والی اور انتہائی تکلیف دہ ہے۔ یہ ایک ایسے لیڈر کا بے وقت نقصان ہے جس کا ایک طویل اور امید افزا سیاسی کیریئر تھا۔ پرینکا گاندھی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا، مہاراشٹر میں طیارے کے المناک حادثے میں نائب وزیر اعلی اجیت پوار اور دیگر افراد کے انتقال کی خبر گہرے دکھ کی بات ہے۔ مرحوم کی روح کو سکون ملے۔ محترم شرد پوار، سپریا سولے، ان کے پورے خاندان، اور محترم اجیت پوار کے حامیوں کے تئیں گہری تعزیت۔