عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//رکنِ پارلیمنٹ غلام علی کھٹانہ نے پیر کی شب سرحدی ضلع راجوری میں واقع گور نمنٹ میڈیکل کالج کا اچانک دورہ کر کے وہاں فراہم کی جا رہی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق رکنِ پارلیمنٹ نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا جن میں ایمرجنسی وارڈ، داخل مریضوں کے وارڈز، تشخیصی سہولیات اور ادویات کی دستیابی شامل تھی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے طبی عملے کی تعیناتی، خالی آسامیوں، میڈیکل آلات کی کارکردگی اور مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی سے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کیں۔دورے کے دوران غلام علی کھٹانہ نے مختلف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کرتے ہوئے صحت کی صورتحال دریافت کی۔
انہوں نے تیمارداروں اور لواحقین سے بھی بات چیت کی اور ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے میں ان کی آراء اور شکایات کو غور سے سنا۔ بعض افراد نے ادویات کی فراہمی، ماہر ڈاکٹروں کی کمی اور دیگر بنیادی مسائل کی نشاندہی کی جس پر رکنِ پارلیمنٹ نے متعلقہ حکام سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم پی نے دورے کے دوران اْجاگر ہونے والے حقیقی مسائل کو اعلیٰ حکام کے سامنے اٹھانے اور ضلع میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ ہسپتال انتظامیہ نے انہیں ادارے کو درپیش چیلنجز، جاری ترقیاتی کاموں اور مستقبل کی ضروریات کے بارے میں بریفنگ دی۔واضح رہے کہ سرحدی ضلع راجوری میں جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال صحت عامہ کے حوالے سے ایک اہم ادارہ ہے جہاں نہ صرف مقامی بلکہ ملحقہ علاقوں کے مریض بھی علاج کے لئے رجوع کرتے ہیں۔ رکنِ پارلیمنٹ کے اس دورے کو عوامی مسائل کے حل کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔