بسوہلی /جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا ہے کہ رنجیت ساگر جھیل کے ارد گرد سیاحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے اور اسے ریاست کا اہم سیاحتی مقام بنانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ایکو ٹورازم اقدام کے تحت وہاں جلد ہی چارسٹیمرس کو کام پر لگایا جائے گا۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار رام لیلا گرائونڈ بسوہلی میں ایک عوامی دربار کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔پی سی سی جنگلات روی کیسر ، چیئرمین ریاستی پولیوشن کنٹرول بورڈ بی سدھارتا کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔لال سنگھ نے اس موقعہ پر ان اقدامات کا تفصیل سے ذکر کیا جو بسوہلی حلقے میں ترقیاتی منظرنامے کو آگ بڑھانے کے لئے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں سولر لائیٹ پلانٹ قائم کرنے کیلئے 7500کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بسوہلی میں سٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ کی طرف سے ایک دفتر قائم کرنے کے لئے 3.5 کروڑ روپے کا ایک پروجیکٹ تیار کیا ہے ۔وزیر نے کہا کہ بسوہلی قصبے میں کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے پروجیکٹ کیلئے حکومت نے ایک کروڑ روپے مختص رکھے ہیں۔اس سے قبل وزیر نے بسوہلی میں دو بیت الخلاء کمپلیکسوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا جنہیں میونسپل کمیٹی بسوہلی کی طرف سے 27لاکھ روپے کی لاگت سے ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا۔