جموں/سکولی تعلیم ، حج و اوقاف اور امور قبائلی کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے آج جموں خطے میں ماہِ رمضان کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ ایک میٹنگ کے دوران لیاجس میں مختلف محکموں کے افسروں نے حصہ لیا۔ڈویژنل کمشنر جموں ہمنت کمار جموں، آئی جی پی جموں ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ جموال ، ڈپٹی کمشنر جموں کمار راجیو رنجن اور بجلی اور صحت عامہ کے چیف انجینئر صاحبان ، محکمہ خوراک کے سربراہ ، جوائنٹ کمشنر جے ایم سی ،سپیشل آفیسر اوقاف ، ایڈمنسٹریٹر اوقاف جموں و دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں امن وقانون ،سیکورٹی ، ٹریفک ، بلا خلل بجلی و پانی کی دستیابی ،طبی سہولیات و صحت و صفائی جیسے معاملات زیر بحث آئے۔ ماہِ صیام کے دوران تمام اشیائے خوردنی کی دستیابی کو یقینی بنانے اور ان کی قیمتیں اعتدال میں رکھنے کی ہدایات دیتے ہوئے چودھری ذوالفقار نے تمام محکموں کے افسروں کو ہدایت کہ وہ آپسی اشتراک قائم رکھتے ہوئے ماہ رمضان کے دوران لوگوں کو تمام طرح کی سہولیات فراہم کریں۔وزیر موصوف نے ڈویژنل کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ مختلف اضلاع میں تحاصیل سطحوں پر کویک ریسپارنس ٹیموں کی تشکیل دیں تاکہ صحت عامہ ، بجلی ، صحت و دیگر بنیادی سہولیا ت کے سلسلے میں لوگ اپنی شکایتیں درج کرسکیں۔وزیر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی طرف سے منظور شدہ شرحوں پر گوشت خریدیں ۔انہوں نے محکمہ خوراک کے افسروں کو ہدایت دی کہ ناجائز منافع خوری روکنے کے سلسلے میں مارکیٹ چیکنگ سکارڈ تشکیل دیں۔