اگلے سال تین کلومیٹر ڈگڈول ۔ پنتھیال ٹنل اور2027میں ماروگ اور ڈگڈول چار کلومیٹر ٹنل مکمل ہوگی
محمد تسکین
بانہال//رام بن اور بانہال کے درمیان جموں سرینگر قومی شاہراہ کا15 کلومیٹر کا حصہ9 سال سے تعمیر ہے لیکن ابھی بھی فور لین نہیں ہوسکا ہے ۔ آئندہ 2برسوںمیں اس سیکٹر میں دو ٹنل اور ایک ویا ڈکٹ منصوبے مکمل ہونے کی امید ہے جو ہزاروں لوگوں کے روزانہ کے سفر کو مکمل طور سے فورلین شاہراہ کے سفر میں تبدیل کر دیں گے اور جموں اور سرینگر کا سفر مزید بہتر اور قدرے محفوظ ہو جائیگا ۔وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھوں افتتاح کے بعد 2016 سے جموں سرینگر قومی شاہراہ کے ادہمپور اور بانہال سیکٹر کو فورلین بنانے کا کام شروع ہوا اور اب تک نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا رام بن اور بانہال کے درمیان15 کلومیٹر سٹرچ کو چھوڑ کر بیشتر حصے کو فورلین بنا چکی ہے۔ہائے وے حکام کا کہنا ہے ادہمپور کے چنینی – ناشری ٹنل کے آرپار فورلین شاہراہ مکمل ہے تاہم رام بن اور بانہال کے درمیان 35 کلومیٹر حصے میں شاہراہ کا 15 کلومیٹرحصے میں2 ٹنل اور ویا ڈکٹ تعمیر کرکے اسے فورلین شاہراہ میں تبدیل کرنے کا کام جاری ہے اور دسمبر 2027 تک مکمل کئے جانے کی امید ہے ۔15 کلومیٹرکے حصے میں فورلین شاہراہ کے مکمل ہونے کے بعد جموں اور سرینگر کے درمیان کا سفر پانچ گھنٹوں میں سمٹ جانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا ۔ پیڑاہ اور ناشری اور بانہال کے درمیان کنفر، چندرکوٹ ، سیری ، کیلا موڑ ، ماروگ ، ڈگڈول ، پنتھیال اور شالگڑی کے آدھ درجن سے زائد چھوٹے بڑے ٹنلوں کی تعمیر سے ناشری ۔ رام بن ۔ رامسو اور بانہال کے درمیانی سیکٹر میں سڑک حادثات بہت کم ہو جائیں گے اور 270 کلومیٹر لمبی فورلین شاہراہ کا سفر محفوظ ہو جائیگا ۔ ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شبھم یادو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگست مہینے کی بارشوں کی تباہی کے بعد ادہمپور اور بانہال سیکٹر میں قومی شاہراہ کی حالت اب بہتر بنائی گئی ہے اور پچھلے دو مہینوں میںشاہراہ پر ٹریفک دونوں طرف سے چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادہمپور ۔ رام بن اور بانہال کے درمیان شاہراہ کا بیشتر حصہ فورلین شاہراہ میں تبدیل کیا گیا ہے تاہم رام بن اور بانہال کے درمیان پندرہ کلومیٹر کے حصے کو فورلین بنانے کیلئے دو ٹنل اور ویا ڈکٹ پروجیکٹ زیر تعمیر ہیں اور دسمبر 2027 تک رام بن اور بانہال کے درمیان فورلین پروجیکٹ کا تمام کام مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال مارچ میں ساڑھے تین کلومیٹر ڈگڈول ۔ پنتھیال ٹنل پروجیکٹ مکمل ہوگا جبکہ ماروگ اور ڈگڈول کے درمیان ساڑھے چار کلومیٹر طویل اور دو سرنگوں پر مشتمل ٹنل دسمبر 2027 تک مکمل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رامسو اور شیر بی بی کے درمیان ویا ڈکٹ یا فلائی اوور کا کام چل رہا ہے اور اسے اگلے سال دسمبر تک مکمل کرنے کی امید ہے۔