عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے ایف آئی آر نمبر 06/202درج کی ہے جو کہ دفعہ 5(1)(سی)(ڈی) مع دفعہ 5(2) جموں و کشمیر انسداد بدعنوانی ایکٹ سموت 2006اور دفعہ 120-B اور 40آر پی سی کے تحت پولیس سٹیشن اے سی بی ادھم پور میں پرونَو گنڈوترا (سابق ٹی ایس او ارناس/دھرماڑی، ضلع ریاسی) کے علاوہ محکمہ سی اے اینڈ پی ڈی کے اُس وقت کے افسران و اہلکاران اور دیگر کے خلاف درج کی گئی ہے، اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔اے سی بی کی جانب سے کی گئی تصدیق میں انکشاف ہوا کہ پرونَو گنڈوترا نے بطور تحصیل سپلائی آفیسرارناس/دھرماڑی ضلع ریاسی اپریل 2011سے جنوری 2013تک اپنی تعیناتی کے دوران دھوکہ دہی سے 22298.80 کوئنٹل اضافی راشن حاصل کیا، اس کے علاوہ تقریباً 103.63 لاکھ روپے بطور نقل و حمل/برداشت چارجز بھی وصول کیے، جو اُس وقت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ٹریڈ اینڈ اسٹورز، محکمہ سی اے اینڈ پی ڈی جموں اور دیگر کے ساتھ ملی بھگت سے کیا گیا۔ مذکورہ راشن متعلقہ ڈپوؤں میں تقسیم نہیں کیا گیا بلکہ اسے بلیک مارکیٹ میں فروخت کیا گیا، جس کے نتیجے میں سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔اس طرح اس وقت کے ٹی ایس او ارناس/دھرماڑی ضلع ریاسی پرونَو گنڈوترا اور دیگر نے اپنے سرکاری عہدوں کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اور باہمی مجرمانہ سازش کے تحت مذکورہ راشن اور نقل و حمل کے اخراجات میں خردبرد کی، جس سے خود کو ناجائز فائدہ پہنچایا اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا۔