راجوری//راجوری کے سرحدی علاقوں خصوصی طور پر نائیکہ گائوں میں واٹر سپلائی سکیم پر جاری کام تعطل کاشکار ہے جس وجہ سے لوگوں کو پینے کے پانی کے حصول میں سخت مشکلات کاسامناہے ۔ مقامی لوگوںکی طرف سے پانی لانے کیلئے ایک گاڑی کرایہ پر لی گئی تھی جو بھی حادثے کاشکار ہوکر گہری کھائی میں جاگری ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق منجاکوٹ تحصیل کے نائیکہ کے کیالہ علاقے میں واٹر سپلائی سکیم پرکام سست روی سے چل رہاہے اور یہ سکیم پچھلے چار سال سے مکمل نہیں ہوپائی ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ سکیم شروع ہونے سے اب تک پمپ روم ، ریزروائر اور ٹینک کی تعمیر کی جاچکی ہے لیکن کئی سال بیت جانے کے بعد بھی مین لائن نہیں بچھائی گئی اور نہ ہی موٹر پمپ سٹیشن اور دیگر کام ہواہے جس کی وجہ سے یہ واٹر سپلائی سکیم ابھی تک چالو نہیںہوسکی ہے ۔ ان کاکہناہے کہ پنج گرائیں کے محلہ کیالہ ، ٹڈیالہ اور کلس میں پانی فراہم کرنے کی غرض سے زیر تعمیر واٹر سپلائی سکیموں کا بھی کچھ ایسا ہی حال ہے جن کو پایہ تکمیل نہیں پہنچایاجارہا۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ محکمہ کی طرف سے برتی جارہی غفلت کو دیکھتے ہوئے انہوںنے تین سال قبل ایک ٹاٹا موبائل گاڑی زیر نمبرJK11 3883 کرایہ پر حاصل کی اور رہزاروں روپے کرایہ ادا کرکے وہ اسی کے ذریعہ پانی لاتے رہے ۔ایک مقامی شخص محمد ذاکر نے بتایاکہ اسی گاڑی کے ذریعہ پچیس سے تیس گھروں میں پانی سپلائی کیاجاتارہاہے کیونکہ محکمہ کی طرف سے پانی کا کوئی متبادل انتظام نہیں کیاگیا۔تاہم انہوںنے بتایاکہ اب ان کی تمام تر امیدوں پر پانی پھر گیاہے کیونکہ یہ گاڑی حادثے کاشکار ہوکر گہری کھائی میں جاگری اوراس کا ڈرائیور محمد رشید بال بال بچ گیا۔ان کاکہناہے کہ سبھی گھروںمیں پانی کی سپلائی کا انحصار اسی گاڑی پر تھا جو بھی اب نہیں رہی ۔انہوںنے مانگ کی کہ پانی کی سکیموں کو جلد سے پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے اوران کی مشکلات کا ازالہ کیاجائے۔