راجوری //جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع کی ہی طرح راجوری ضلع میں بھی انتظامیہ کی جانب سے عائد ہفتہ وار لاک ڈائون کے سلسلہ میں بندشیں عائد رہی جبکہ اس دوران لگ بھگ تمام تجارتی مراکز بند رہے اور سڑکیں بھی سنسان رہی ۔غور طلب ہے کہ جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے کووڈ کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے ہفتہ وار بندشیں عائد کی گئی ہیں جو کہ جمعہ کی شام سے پیر کی صبح تک عائد رہتی ہیں ۔ان بندوشوں کے دوران تمام تجارتی مراکز اور مسافر گاڑیوں کیساتھ ساتھ دیگر نجی دفاتر بھی بند رکھے جاتے ہیں ۔اس دوران ضلع راجوری میں مختلف مارکیٹوں میں مذکورہ بندشیں عائد رہی جبکہ صرف ضروری ساز و سامان کی دکانیں قاعدہ کے تحت کھولی گئی ہیں ۔ان بندشوں کے دوران ضلع کی لگ بھگ تمام رابطہ سڑکوں پر سے گاڑیاں غائب رہی جبکہ محکمہ صحت و دیگر محکموں سے منسلک ملازمین کی آمد و رفت جاری رہی ۔وہائیں ضلع انتظامیہ نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس مشکل وقت میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ وائرس کے پھیلائو کی شرح کم کی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ کووڈ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔