عظمیٰ نیوزسروس
راجوری//ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے، محکمہ موٹر وہیکلز راجوری نے جموں و کشمیر پولیس کے تعاون سے آج ضلع پولیس لائنز کے قریب مشترکہ ناکہ آپریشن کیا۔ اس کارروائی کے دوران 20 سے زائد ای-آٹوز مختلف خلاف ورزیوں کے سبب ضبط اور چالان کیے گئے۔یہ کارروائی اے آر ٹی او راجیش گپتا کی نگرانی میں کی گئی، جس میں ایس ایچ اواور پولیس و موٹر وہیکلز کے انسپکٹرز و سب انسپکٹرز کی ٹیموں نے فعال کردار ادا کیا۔اس دوران کارروائی میں وہ ای-آٹو آپریٹرز شامل تھے جو درست دستاویزات کے بغیر چل رہے تھے، بغیر لائسنس گاڑی چلا رہے تھے، یا اپنی مجاز راستوں سے باہر گاڑی چلا رہے تھے۔ دیگر تحصیلوں سے راجوری آنے والی غیر قانونی گاڑیوں کو بھی ضبط کیا گیا۔
ٹیموں نے اضافی نشستوں اور غیر مجاز ساؤنڈ سسٹمز والے ای-آٹوز کے خلاف بھی کارروائی کی، جو ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزی میں پائے گئے۔افسران نے بتایا کہ یہ غیر قانونی عمل نہ صرف موٹر وہیکلز ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی ہے بلکہ مسافروں کی حفاظت کے لیے خطرہ اور شہر میں ٹریفک جام کا باعث بھی بنتا ہے۔میڈیا سے بات چیت کے دوران ا ے آ ر ٹی اونے کہا کہ محکمہ کو خاص طور پر دیگر تحصیلوں سے آنے والے ای-آٹوز کی غیر مجاز کارروائیوں کی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ آئندہ بھی سخت نگرانی جاری رہے گی تاکہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے اور ٹریفک کی منظم اور محفوظ روانی ممکن ہو۔انتظامیہ نے تمام ای-آٹو آپریٹرز کو ہدایت دی کہ وہ قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کریں، اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔